• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی ہر پیشی سیاسی تھیٹر، ضمانت منسوخ کی جائے، نیب

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور انکے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز عدالت میں ہر پیشی کو سیاسی تھیٹر میں بنا دیتی ہیں، وہ کمرہ عدالت کو پریس کلب میں تبدیل کر دیتی ہیں، کمرہ عدالت میں رپورٹر اور وی لاگرز کو انٹرویو دیتی ہیں، کمرہ عدالت کو کارکنوں اور حامیوں سے بھر دیتی ہیں اور پیشی کے بعد پریس کانفرنس بھی کرتی ہیں، مریم نواز کے پریس کانفرنس میں ’’ہائی رینک آفیشلز‘‘ اور نیب کیخلاف بیانات اشتعال انگیز ہوتے ہیں، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا، مریم نواز نیب کیخلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئی ، نیب لاہور میں طلبی پر نیب آفس پر حملہ کیا گیا، ملزمان کا کنڈکٹ ان کیخلاف گواہان پر بھی دبائو ڈالنے کا سبب بنا،اس لئے انکی ضمانت منسوخ کی جائیں۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سزائیں سنائی تھیں، جن کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں زیر سماعت ہیں، عدالت عالیہ نے ملزمان کی سزائیں معطل کررکھی ہیں۔

تازہ ترین