کراچی / اسلام آباد ( نیوز ڈیسک نمائندہ جنگ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے پشاور پریس کلب پر حملے اور پریس کانفرنس کرنے والے افراد کے اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے پشاور پریس کلب پر پولیس کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنیوالوں کو یرغمال بنایا گیا۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذالفقار اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے دنیا بھر میں پریس کلب کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کا داخلہ آزادی اظہار پر حملہ تصور کیا جاتا ہے۔