• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آریان کی درخواست ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت کل (جمعرات) تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔ آریان خان کو آج کی رات بھی آرتھر جیل میں بسر کرنی ہوگی۔

بتایا جاتا ہے کہ عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی وجہ یہ تھی کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے وکیل اے ایس جی انیل کمار سنگھ  کی جانب سے بدھ کی شام ساڑھے پانچ بجے تک دلائل مکمل نہیں کیے جاسکے تھے۔

جس پر انھوں نے عدالت سے استدعا کی انھیں جمعرات کی دوپہر بارہ بجے دوبارہ دلائل شروع کرنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

بدھ کو اپنے دلائل کے دوران انیل کمار سنگھ نے آریان کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ آریان خان ایک بڑی چین کا حصہ ہیں۔ 

ان کے مطابق باوجود اس کے کہ ان کے پاس سے چھاپے کے دوران کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی، لیکن ایک شخص کی ضمانت سے کیس کی تفتیش متاثر ہوگی۔

آریان کی جانب سے ستیش مانی شندے کی جگہ امیت ڈیسائی نے دلائل دیے اور کہا کہ آریان تو این سی بی کے چھاپے کے وقت کروز جہاز پر ہی موجود  نہیں تھے۔

انھوں نے کہا کہ آریان اور ارباز مرچنٹ کو این سی بی حکام نے گیٹ پر ہی روک کر پوچھا تھا کہ کیا وہ ڈرگ لے جارہے ہیں، آریان کے پاس سے کوئی منشیات نہیں ملی تھی جبکہ ارباز کے پاس چھ گرام چرس موجود تھی۔ 

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ان کے موکل ڈرگ سپلائر، جرائم پیشہ یا ٹریفکر نہیں ہیں، بھارت میں سزا کا مقصد اصلاح کا موقع دینا ہے جبکہ منشیات استعمال کرنے کی سزا 2001 میں پانچ سے کم کرکے ایک سال کی گئی۔

تازہ ترین