• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ میں جلسہ میلادالنبیﷺ، حضورؐ کی اتباع ہر شعبہ زندگی کیلئے لازم ہے، احسن شاہ شرافت نوشاہی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) ماہ ربیع اوّل کا آغاز ہوتے ہی برطانیہ بھر میں میلاد جلوس جلسے اور سیمینارز کا بھی آغاز ہو جاتا ہے بریڈفورڈ میں یوں تو ہر سال مرکزی جلوس کا اہتمام کیا جاتا ہے مگر گزشتہ دو سال کرونا وبا اور اس کی پابندیوں کی وجہ سے جلوس اور تقریبات کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا، بریڈفورڈ میں ہر سال جمعیت تبلیغ الاسلام اور الجامعہ صفتہ الاسلام کی میزبانی میں اپنی اپنی باری پر جلوس کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں بریڈفورڈ کی تمام سنی مساجد کا خصوصی تعاون ہوتا ہے، اس سال جمعیت تبلیغ الاسلام کے زیر اہتمام 39 واں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، جامع مسجد ویسٹ گیٹ میں میلاد النبی صلی اللّٰہ وعلیہ وسلم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت عالمی مبلغ اسلام پیر سید معروف حسین شاہ نوشاہی نے کی ،تقریب سے پیر سید عرفان شاہ مشہدی ،علامہ حنیف ساقی اور دیگر علما نے اظہار خیال کیا، علما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور پاک تمام جہانوں کے لیے رحمت العالمین بن کر آئے ہیں، آپ صلی اللّٰہ وعلیہ وسلم نے امن محبت اور رواداری کا درس دیا ہے، تقریب کے بعد ویسٹ گیٹ سنٹرل مسجد سے مرکزی جلوس کا آغاز ہوا، جس میں ہزاروں عاشقان مصطفی صلی اللّٰہ وعلیہ وسلم نے شرکت کی، جلوس کی قیادت پیر سید احسن شاہ شرافت نوشاہی ، پیر سید عرفان شاہ ، صاحبزادہ اسرار الحق اویسی اور دیگر علما نے کی، جلوس لمب لین ،چرچ سٹریٹ ،سینٹ میری روڈ ،نارتھ پارک روڈ اور وکٹر روڈ سے ہوتا ہوا، جمعیت تبلیغ الاسلام وکٹر سٹریٹ مسجد پر اختتام پذیر ہوا، دوران جلوس شرکا جلوس کے لیے کھانے پینے کے لیے مقامی بزنس کمیونٹی نے میلاد نیاز کا خصوصی اہتمام کیا ہوا تھا ،دوران جلوس درود و سلام اور نعت شریف کے نذرانے پیش کیے جاتے رہے، اس موقع پر مقامی رضا کار اور پولیس جلوس کو منظم رکھنے اور ٹریفک کنٹرول کرنے کے فرائض سرانجام دیتے رہے، جلوس کے اختتام پر جمعیت تبلیغ الاسلام وکٹر سٹریٹ مسجد میں عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں علما کی بڑی تعداد نے شرکت کی، صاحبزادہ سید احسن شاہ شرافت نوشاہی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو خالق کائنات نے نسلِ انسانی کے لیے نمونہٴ کاملہ اور اسوہٴ حسنہ بنایاہے، پیغمبر اسلام صلی اللّٰہ وعلیہ وسلم کے معمولات زندگی ہی قیامت تک کے لیے شعار ومعیار ہیں، آپ کی اتباع اور محبت ہر شعبہ زندگی کے لیے لازم ہے، آپ کی عقیدت اور اتباع کی اعلیٰ مثال اصحاب کرام رضی اللّٰہ تعالی عنھم اور اہلیبیت رضی اللّٰہ تعالی عنھم ہیں اس لیے ان کی تعظیم اور توقیر بھی ہر مسلمان پر واجب ہے۔ سیمینار کے آخر میں امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔

تازہ ترین