• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معید یوسف کی زیر صدارت سوشل میڈیا ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس

اسلام آباد(اے پی پی)نیشنل سوشل میڈیا کوآرڈینیشن ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس بدھ کو قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ اس ورکنگ گروپ کا بنیادی مقصد تمام متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے ہم آہنگی پیدا کرنا اور ان کی تجاویز کو شامل کرنا ہے۔انہوں نے پاکستانی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق اعداد وشمار پر مبنی پالیسی سازی پر زور دیا ۔ ورکنگ گروپ کے آئندہ اجلاس میں اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے نمائندوں کو بھی بلایا جائے گا تاکہ وہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے حوالے سے ٹیکس پالیسیوں کے بارے میں تجاویز دے سکیں۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اور ورکنگ گروپ کے ترجمان ڈاکٹرارسلان خالد نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک ایسا موضوع ہے جس سے کئی وزارتوں اور محکموں کا واسطہ ہے ۔ مشاہدہ میں آیا کہ سرکاری اسٹیک ہولڈرز کے درمیان کمزور ہم آہنگی کے نتیجے میں بعض پالیسی امور پر تاخیر اور ابہام پیدا ہوا۔یہ ورکنگ گروپ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گا جس سے سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ بہتر نتائج کی حامل بات چیت میں مدد ملے گی۔نیشنل سوشل میڈیا ورکنگ گروپ وزیر اعظم نے گذشتہ ہفتے تشکیل دیا تھا ۔

تازہ ترین