• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکس اسٹائل ایوارڈز 2021: ستاروں سے بھرپور تقریب کے یادگار لمحات

پاکستان کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے لکس اسٹائل ایوارڈز کی ستاروں سے بھرپور تقریب گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کراچی میں منعقد ہوئی تو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے کئی بڑے ناموں نے شرکت کرکے اپنی شاندار پرفارمنس سے اس تقریب کو چار چاند لگادیے۔

جہاں ہر ایوارڈ شو کی طرح لکس اسٹائل ایوارڈ شو کو بھی ہمیشہ کی طرح ناقدین کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا وہیں اس تقریب میں کچھ ایسے یادگار لمحات بھی تھے جنہیں کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔

یہاں 20ویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب کے چند یادگار لمحات پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

عاصم اظہر کا پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کےمرحوم لیجنڈری فنکاروں کو خراجِ عقیدت

20ویں لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں عاصم اظہر نے اپنی شاندار پرفارمنس سے پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے دارِ فانی سے رخصت ہوجانے والے تمام فنکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

عاصم اظہر کی مرحوم موسیقار فرہاد ہمایوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشہور گانے ’نمی نمی ‘ پر شاندار پرفارمنس نے شرکاء کے دل جیت لیے۔

عمران اشرف کی اسٹیج پر میزبانوں سے مزاحیہ گفتگو

اس شو کا ایک اور یادگار لمحہ جب اداکار عمران اشرف اسٹیج پر آئے اور انہوں نے شو کے میزبانوں اور شرکاء کے ساتھ مزاحیہ گفتگو کی۔

اس کے علاوہ عمران اشرف کی ہمیشہ مثبت رہنے کی صلاحیت بھی اس شو کے یادگار لمحات کا حصّہ بنی، اس وقت جب انہیں ’بیسٹ امرجینٹ ٹیلنٹ کی کیٹیگری‘ میں بہترین مصنف کا ایوارڈ نہ ملنے پر کوئی دکھ نہیں ہوا بلکہ وہ یہ ایوارڈ ڈرامہ سیریل ’عہدِ وفا‘ کے رائٹر عدنان صمد خان کو ملنے پر خوش ہوئے۔

ماہرہ خان اور شہریار منور کی پرفارمنس

اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار شہریار منور کی فلم ’پرے ہٹ لَو‘ کے گانے ’ہائے دل بیچارہ‘ پر شاندار پرفارمنس نے تقریب میں موجود ہر شخص کو لاجواب کردیا۔

اداکارہ ریشم کی طویل عرصے بعد اسٹیج پر واپسی

ہردلعزیز اور معروف پاکستانی اداکارہ ریشم کی طویل عرصے بعد اسٹیج پر شاندار پرفارمنس کے ساتھ واپسی نے سب کو خوش کردیا۔

ریشم نے مشہورِ زمانہ پاکستانی گلوکارہ فریدہ خانم کو جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 میں اپنی پرفارمنس سے خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ریشم نے فریدہ خانم کے سدا بہار گانوں پر پرفارمنس دی جنہوں نے اس عظیم گلوکارہ کے مداحوں کو ہمیشہ جھومنے پر مجبور کیا۔

خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے خصوصی ایوارڈ متعارف

جیو لکس اسٹائل ایوارڈز نے اپنی 20ویں سالگرہ کے موقع پر خواتین میں شعور پیدا کرنے والوں کے لیے ایک نیا ایوارڈ متعارف کروایا۔

یہ ایوارڈ معروف ڈرامہ و ناول نگار حسینہ معین کو اُن کی خدمات پر دیا گیا جوکہ اُن کی بھانجی نے وصول کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید