• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی ٹاپ پرفارمنس

جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی تقریب کا انعقاد کراچی کے شمسی اسٹوڈیو میں کیا گیا جہاں کورونا ایس او پیز کا بھرپور طریقے سے خیال رکھا گیا۔

لکس اسٹائل ایوارڈز میں جہاں شوبز ستارے اپنی خوبصورتی کے جلوے بکھیرے ہوئے نظر آئے تو وہیں کئی فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس پر مداحوں سے تعریفیں بھی سمیٹیں۔

جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی شاندار پرفارمنس کی اہم جھلکیاں

لکس اسٹائل ایوارڈز کی 20ویں سالگرہ کا ترانہ:


عاصم اظہر، آئمہ بیگ، عزیر جسوال، نوجوان گلوکاروں اور نتاشا بیگ نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی 20ویں سالگرہ پر خصوصی ترانہ تیار کیا جس کا عنوان ’ہمارے ستارے آسمان کے تارے‘ تھا۔

اس ترانے کی ہدایتکاری گلوکار بلال مقصود نے کی جبکہ میرا، ریشم، عائشہ عُمر، مہوش حیات، ماہرہ خان اور احسن خان سمیت دیگر شوبز ستاروں نے اس ترانے پر زبردست پرفارمنس دی۔

فریدہ خانم کو خراجِ تحسین:


مہوش حیات اور ریشم نے گلوکارہ فریدہ خانم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، مہوش نے پُرجوش انداز میں ’بلّے بلّے‘ پر ڈانس کیا۔

دوسری جانب اداکارہ ریشم نے احسن خان کے ساتھ گانا ’میں نے پیروں میں پایل‘ پر پرفارم کرکے اسٹیج پر حقیقی جادو جگایا۔

ماہرہ خان کا جادو:


ماہرہ خان سے محبت کرنے والے خاص طور پر جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ اُنہوں نے اس بار متعدد شاندار پرفارمنس دی ہیں۔

ماہرہ خان نے اس بار لکس اسٹائل ایوارڈز میں شہریار منور، احمد علی بٹ اور اداکارہ میرا کے ساتھ مختلف گیتوں پر پرفارم کیا جنہیں خوب پسند کیا گیا۔

خواتین کو بااختیار بنانا:

جیو لکس اسٹائل ایوارڈز نے اپنی 20ویں سالگرہ کے موقع پر خواتین میں شعور پیدا کرنے والوں کے لیے ایک نیا ایوارڈ متعارف کرایا۔ 

یہ ایوارڈ معروف ڈرامہ و ناول نگار حسینہ معین کو اُن کی خدمات پر دیا گیا جوکہ اُن کی بھانجی نے وصول کیا۔

دُنیا سے کوچ کرجانے والے فنکاروں کو خراجِ عقیدت:


 جیو لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کی تقریب میں عاصم اظہر نے اپنی خصوصی پرفارمنس سے پاکستان کے اُن فنکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جو اس دُنیا سے رُخصت ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین