اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست کو ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا یہ ضمانت منسوخی کا گرائونڈ ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مریم نواز ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز کے وکیل نے تو اپنے دلائل بھی مکمل کر لئے ، اب نیب نے اپنے دلائل دینے ہیں۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ نیب کیوں مریم نواز کی ضمانت منسوخی چاہتا ہے۔