• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران مشکل پچ پر نہیں کھیل سکتے، اگلی باری ہماری ہوگی، زرداری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ عمران مشکل پچ پر نہیں کھیل سکتے، اگلی باری ہماری ہوگی،گزشتہ روزاحتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ حکومت ہی نااہل ہے ،آرمی چیف کی مدت میں توسیع کے وقت بھی پانچ مسودے بنے تھے پھر جا کر معاملات درست ہوئے تھے، مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ آئی ایس آئی چیف کے حوالے سے فیصلہ تبدیل ہوگا یا برقرار رہے گا، اللہ خیر کرے گا، عمران خان مشکل پچ پر نہیں کھیل سکتا اس نے اپنے سیاستدان ہی مشکل سے سنبھالے ہوئے ہیں،اگلی باری سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اگلی باری پیپلزپارٹی کی ہوگی جبکہ احتساب سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ احتساب کا سلسلہ تب تک چلے گا جب تک معیشت مزید نیچے نہیں آجاتی۔قبل ازیں احتساب عدالت نے 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں آصف زرداری کی ریفرنس ختم کرنےاوربریت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور فرد جرم کیلئے طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران ذرداری کے وکیل فاروق نائیک نے 265 ڈی کے تحت ریفرنس ختم کرنے اور بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ فردجرم عائد نہیں ہوسکتی، نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس نہیں بنتا،ابھی آپ چارج فریم نہیں کر سکتے جب تک ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں آجاتا،کیس میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا کوئی الزام نہیں۔

تازہ ترین