• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا بحران، اور میڈیا اتھارٹی بل کیخلاف سکھر میں صحافی کنونشن

سکھر (بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے سکھر یونین آف جرنلسٹ کے زیر اہتمام میڈیا بحران ، اور میڈیا اتھارٹی بل کے خلاف سکھر پریس کلب میں ملٹی اسٹیک ہولڈر کنونشن کا انعقاد کیا گیا، سکھر پریس کلب میں منعقدہ ملٹی اسٹیک ہولڈر کنونشن میں پی ایف ایف یو جے کے مرکزی قائدین، سکھر ریجن کے صحافیوں، مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں، وکلا اور ٹریڈ یونین کے رہنمائوں سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر قائدین نے حکومت سے پی ایم ڈی اے قانون کی واپسی، غیر اعلانیہ میڈیا سنسر شپ کے خاتمے، مختلف اداروں سے برطرف کئے گئے ملازمین کی بحالی، کٹوتی کی گئی تنخواہوں کی واپسی سمیت پیش کردہ 19مطالبات پورے کرنے پر زور دیا اور اگلے ماہ کوئٹہ سے اسلام آباد لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا۔ کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے مرکزی رہنما افضل بٹ نے کہا کہ حکومت اور مالکان کے گٹھ جوڑ کے باعث آٹھواں ویج بورڈ 18 سال تک تعطل کا شکار رہا، صحافت کی آزادی کے جدوجہد میں سندھ کے صحافیوں کا اہم کردار ہے، آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ لاگو کرانے کے لیے صحافیوں نے سخت جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ 2018کے انتخابات کے بعد صحافیوں کی تنخواہوں میں کٹ لگایا، صحافی معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں،کنوینشن سے نائب صدر لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ کوئٹہ سے اسلام آباد تک نومبر میں لانگ مارچ کی شروعات کریں گے جس میں سندھ کے تمام شہروں سے صحافی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ کنوینشن سے پی ایف یو جے کے جنرل سیکریٹری ناصر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آمروں نے قبضہ کیا، سندھ کے لوگوں نے سڑکوں پر آکر جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں،۔ کنوینشن سے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ نے کہا مشرف کے دور میں وکلا نکلے اور سیاستدان انکے پیچھے چلے، ایک بار پھر ہمیں وہ حالات نظر آرہے ہیں، صحافی نکلیں گے تو سیاستدان انکے پیچھے چلیں گے،، وزیر اعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ بیرسٹر ارسلان شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا پر قدغن لگانا چاہتی ہے کنوینشن میں سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلیم سہتو، سکھر پریس کلب کے صور نصراللہ وسیر اور دیگر صحافتی فوٹو گرافر اینڈ کیمرامین ایسوسی ایشن کے عہدیداران جاوید گھنیو، لالہ شہباز پٹھان سمیت دیگر نے کنوینشن میں آنے والے مہمانوں کو ویلکم کیا پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالہ اسد پٹھان نے پی ایف یو جے کے عہدیداران اور دیگر تنظیموں وکلا سیاسی شخصیات کو سندھ کا روایتی تحفہ ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ کنونشن سے سیاسی سماجی، وکلا اور مختلف ٹریڈ یونینز کے رہنمائوں نے بھی خطاب کرکے اگلے ماہ ہونے والے لانگ مارچ میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

تازہ ترین