بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر پر طنزیہ وار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نےکہا کہ میں نے شعیب اختر سے بات کی اور انہیں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کا کیا فائدہ؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے کھیلے گا اور پھر ہارے گا، ہماری ٹیم بہت تگڑی ہے، پاکستان کا کوئی چانس نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ 24 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ کی دنیا کے اس سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل بابر اعظم اور رضوان کو بھارتی کرکٹ کے شائقین کی طرف سے گہری نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کو ورلڈکپ کے مقابلوں میں بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھا جارہا ہے۔