بارسلونا (جواد چیمہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق ایم پی اے گجرات میاں فخر مشتاق پگانوالہ نے کہا ہے کہ ہم آ صف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بےحد مشکور ہیں کہ انہوں نے ایک بار پھر پگانوالہ خاندان پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے ثمینہ مشتاق پگانوالہ کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل پنجاب نامزد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پگانوالہ خاندان ہمیشہ کی طرح پارٹی کی امیدوں پر پورا اترے گا اور گجرات سمیت پنجاب بھر میں پارٹی کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے 2023 کے انتخابات میں کامیاب کروائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھول چکے ہیں کہ مہنگائی کے سمندر میں عوام پر کیا گزر رہی ہے۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خود کشیاں کر رہے ہیں۔ عوام کے مسائل صرف منتخب گورنمنٹ جو ووٹ کی طاقت سے آئی ہو، وہی سمجھ اور حل کرسکتی ہے۔ سیلکٹڈ سرکار صرف عوام سے جھوٹے وعدے ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاءاللہ 2023 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پورے ملک سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔