• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف کیساتھ توانائی سیکٹر سے متعلق معاہدہ ہوگیا، شوکت ترین

واشنگٹن(جنگ نیوز)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نےکہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ توانائی سیکٹر کے حوالے سے معاہدے ہوگئے، تفصیلات دوتین دن میں سامنےآئیں گی،ہم نےبہت سےشعبوں میں گروتھ کاہدف حاصل کیا، آئی ایم ایف کوتفصیلات دےدیں،آئی ایم ایف سےکہاکہ ہم جواعدادوشماردےرہےہیں اسے ویلیڈیٹ کرے۔

ہمارےپاس ڈیٹابیس آگیاہےکہ ہر گھر میں آمدن کتنی ہے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نےکہاہےکہ پاکستان نےمعاشی اصلاحات کے لیے بھرپور کوششیں کیں،آئی ایم ایف ڈائرکٹرنےپروگرام پر پیشرفت کوسراہا۔

ملک کی40فیصدآبادی کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے،آئی ایم ایف کےڈائرکٹرسےاچھی اور مثبت ملاقات ہوئی،آٹا،چینی اوردالوں پرسبسڈی دیں گے،آئی ایم ایف کےساتھ معاملات کوحتمی شکل دینےیہاں آئےہیں،یوایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس کےساتھ بھی نشست ہوئی،یوایس پاکستان بزنس کونسل کےساتھ راؤنڈٹیبل کانفرنس ہوئی۔

عالمی بینک کے صدر سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں افغانستان کے حوالےسےبات چیت ہوئی،امریکی معاون وزیرخارجہ سےبھی ملاقات ہوئی،امریکی معاون وزیرخارجہ سےکہاکہ غلطیاں دونوں اطراف سے ہوئیں، اب آگےبڑھناچاہیے،سعودی عرب کے وزیرخزانہ سےبھی ملاقات ہوئی،ترکی کےہم منصب سے ملاقات ہوئی۔

ترکی سےزراعت،تعمیرات اور سیاحت کےشعبےمیں تعاون کی بات کی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مجھے خیبر پختونخوا سے سینیٹر سے منتخب کیاجائے گا۔دوسری جانب گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نےکہاکہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ ماضی کی طرح اب نہیں بڑھے گا۔ قبل ازیں وزیر خزانہ شوکت ترین سے امریکہ کے نائب وزیر برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے ملاقات کی ۔ 

جمعہ کو واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے وسیع اور پائیدار تعلقات کی خواہش کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارتی رابطوں میں اضافہ کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کاروباری شعبہ کی ترقی کیلئے مزید اصلاحات متعارف کرانے اور غیر ملکی کمپنیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنےکیلئے پرعزم ہے۔شوکت ترین نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی حل کا خواہشمند ہے۔ 

عالمی برادری طالبان کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو احترام دے جس سے افغان عوام کو درپیش انسانی بحران کے خدشات سے محفوظ رکھنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو نے معاشی اصلاحات کے حوالہ سے حکومت کےعزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاری و تجارتی رابطوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔

قبل ازیں واشنگٹن ڈی سی میں آئی بی اے کراچی کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کے موضوع پر ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کیلئے پرعزم ہے، تمام شعبوں میں اصلاحات کی جارہی ہیں جن میں خاص کر ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو بڑھانے ، زراعت کو جدید بنانے ، صنعت کو جدید بنانے اور مارکیٹ کی مسابقت کے ذریعے برآمدات بڑھانا شامل ہیں،وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کی بہتری کیلئے بھی جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ریاست مدینہ کے خواب کو پورا کرنے کیلئے ملک کو خود کفیل اور خوشحال بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پرپاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید نے واضح کیاکہ دو طرفہ سیکٹورل سطح پر بات چیت جاری ہے جن میں توانائی ، موسمیاتی تبدیلی اور سیکورٹی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ڈائریکٹر آئی بی اے نے کہاکہ آئی بی اے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارہ ہے جس کے مالیاتی ماہرین نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ،پاکستان کی میکرو اکانومی کو مستحکم کرنے کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آر ڈی اے کھولنے اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب بھی دی۔

تازہ ترین