• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیمتیں نہ بڑھائیں تو گردشی قرضوں کی رفتار مزید بڑھ جائیگی، وزارت خزانہ


کراچی(نیوز ڈیسک)ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ قیمتیں نہ بڑھائیں تو گردشی قرضوں کی رفتار مزید بڑھ جائے،شکر ادا کریں حکومت بجلی کی قیمت میں ایک روپے 40پیسے اضافہ کررہی ہے۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ عمران خان اس زعم کا شکار ہیں کہ ان کا کوئی متبادل نہیں ہے لیکن وقت آنے پر آپشن نکل آتے ہیں۔سینئر اینکر پرسن و تجزیہ کار محمد مالک نے کہا کہ وزیراعظم اور فوج کے تعلقات کے شیشے میں بال آگیا ہے۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان میں امپورٹڈ مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے جو عالمی سطح پر پھیل چکی ہے۔

بجلی، گیس اور پٹرول امپورٹ ہورہے ہیں، پاکستان میں قیمتیں اس طرح نہیں بڑھ رہیں جس طرح سے دیگر ممالک میں بڑھ رہی ہیں، پاکستان میں گیس کی قیمتیں آخری دفعہ 2019ء میں بڑھی تھیں جبکہ باہر گیس کی قیمتیں 500فیصد تک بڑھ چکی ہے۔

حکومت گردشی قرضے کم کرنے کی کوشش کررہی ہے،اگر قیمتوں میں اضافہ نہ کریں تو گردشی قرضوں میں اضافے کی رفتار مزید بڑھ جائے، شکر ادا کریں حکومت بجلی کی قیمت میں ایک روپے 40پیسے اضافہ کررہی ہے آج کے حالات کے حساب سے یہ ساڑھے 3روپے بنتی ہے۔ 

سینئر اینکر پرسن و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ آئی ایس آئی چیف کی تعیناتی کا معاملہ اصولی طور پر طے پاگیا ہے، وزیراعظم نے کابینہ اور پارلیمانی کمیٹی کو بھی اس سے آگاہ کردیا ہے۔

اس حوالے سے نوٹیفکیشن میں وقت کیوں لگ رہا ہے وہ اس کی منطق نہیں بتاسکے ہیں، عمران خان اس زعم کا شکار ہیں کہ ان کا کوئی متبادل نہیں ہے لیکن وقت آنے پر آپشن نکل آتے ہیں۔

تازہ ترین