اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے غازی عبدالرشید کیس میں پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دینے کے معاملے سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمسرف کے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پرویز مشرف کے دونوں ضامن نذیر احمد اور جان محمد عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے پرویز مشرف کو پیش نہ کر سکنے پرمعافی مانگی۔ غازی عبدالرشید کے وکیل طارق اسد نے عدالت سے استدعا کی پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جائے اس پر پرویز مشرف کے وکیل ملک طاہر ایڈووکیٹ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے اپنے دلائل میں کہا کہ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر ہمیں اعتراض ہے کیونکہ پرویز مشرف ایک بیمار شخص ہیں اور وہ علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں لہٰذا علاج کرانے کیلئے جانے والے شخص کے وارنٹ جاری کرنا غیر قانونی ہے لہٰذا میں اس پر مزید بحث کرنا چاہتا ہوں جس کیلئے مجھے مہلت دی جائے ۔