• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھوبی گھاٹ پر فوج کو ڈسکس کرینگے تودھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا، شیخ رشید

دھوبی گھاٹ پر فوج کو ڈسکس کرینگے تودھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا، شیخ رشید


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے‘ عمران خان کہیں نہیں جارہے ‘پانچ سال پورے کریں گے‘،ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے۔

فوج کو دھوبی گھاٹ اور چوراہوں پر ڈسکس کریں گے تو سیاست میں آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا‘نوازشریف پلان کرکے لندن گئے ،خون کے آنسو رونے کی ضرورت نہیں‘مہنگائی کا اعتراف ہے ساری دنیا میں تیل اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس پر قابو پانے کے لئے پوری کوشش کررہے ہیں‘افغانستان کے حالات کے باعث پاکستان میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ساری دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھیں جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا، جوڈو کراٹے کرکے اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودے گی ۔ 

اتوار کواسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر سے لفظ عمران خان نکال دیا جائے تو اس میں کچھ نہیں تھا، یہ صرف الٹی گردان تھی۔

انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قدر میں اضافہ کے حوالے سے چار پانچ بڑی ایکسچینج ایجنسیوں کا آڈٹ کروا رہے ہیں،24 لوگوں کو پکڑا ہے۔ایف آئی اے کو ہدایت کی ہےکہ اس سارے معاملے کی تحقیقات کریں۔

تازہ ترین