• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھٹھہ: واجبات کی عدام ادائیگی پر 60 دیہات کی بجلی منقطع، لائن مین بھی بر طرف

ٹھٹھہ(نامہ نگار)واجبات کی عدم ادائیگی پر ٹھٹھہ شہر کے متعدد محلوں اور 60 سے زائد دیہات کی بجلی منقطع کردی گئی، غیر قانونی طور پر بجلی بحال کرنے پر لائن مین کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کو جواز بناتے ہوئے شیرازی محلہ، اسلام پور محلہ، پلنگ پاڑہ، گاؤں محمد خان سومرو، نوح بھٹی، ہاشم شیخ، اللہ ڈنو خاصخیلی، شہمیر بروہی سمیت ٹھٹھہ شہر کے متعدد رہائشی علاقوں اور فقیر گوٹھ، چلیا اور چھتو چند یونین کونسلز کے 60 سے زائد دیہات کی بجلی منقطع کردی گئی ہے جس کے باعث صارفین شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں جبکہ مذکورہ علاقے رات کے وقت مکمل تاریکی میں ڈوبے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایکسیئن حیسکو ٹھٹھہ امیر احمد میمن نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ علاقوں کے صارفین نے 7 کروڑ روپے سے زائد بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی جس کے باعث ان کی بجلی منقطع کی گئی ہے جبکہ گاؤں محمد خان سومرو کی بجلی غیرقانونی طور پر بحال کرنے پر حیسکو چلیا فیڈر کے لائن مین امام بخش تارو کو بھی ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے تاہم شہریوں کے مطابق وہ اپنے بلوں کی ادائیگی باقاعدگی سے کرتے ہیں لیکن چند نادہندگان کی آڑ میں ان کی بجلی کاٹ کر ان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی بجلی فوراً بحال کی جائے بصورت دیگر وہ شدید احتجاج کرینگے۔
تازہ ترین