• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدمت گروپ ہال روڈ لاہور کا خدمت خلق کا نیا ریکارڈ

ہال روڈ لاہور کی فلاحی تنظیم ’’خدمت گروپ‘‘ کے صدر اور انجمن تاجران لاہور کے چیئرمین جناب بابر محمود نے گزشتہ روز سندس فائونڈیشن کی اپیل پر زیر علاج بچوں کے لئے انسانی خون کی سات سو پندرہ بوتلیں جمع کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دکھایا ۔ اس قابل قدر اور واجب احترام کارکردگی کے پیچھے بابر محمود کی تنظیمی صلاحیت کام کر رہی تھی جنہوں نے اپنے گروپ کے ارکان اور ساتھیوں کو زیادہ سے زیادہ خون کا عطیہ دینے والوں کو بلڈ کیمپ میں لانے کا مشورہ دیا ۔ان کے ساتھیوں عادل حفیظ، سلیم بھٹی، عمران رشید، محمد اعظم، معظم علی خاں، شیخ عابد حسین، محمد ادریس، رانا طارق، ببلی ملک اور ہمایوں کے علاوہ دیگر عزیزوں نے ساتھ دیا سب سے نمایاں اعجاز مغل رب نے جنہوں نے 80دوستوں اور ساتھیوں کا خون دلوایا۔بابر محمود کے جوش وجذبہ نے اس مشکل کام کو آسان بنا دیا جبکہ گرمی کے موسم کی شدت لو اور حبس کی فضا میں لوگوں اور خاص طور پر دکانداروں اور تاجروں کو جمع کرنا اور ان سے خون کے عطیات جمع کرنا بہت ہی مشکل اور صبر آزما کام تھا مگر بابر محمود نے اس ساری تقریب کو ایک میلے کی صورت دے دی تھی جو بہترین نتائج حاصل کرنے کا سب سے موثر طریقہ ہے ۔پاکستان کے عظیم افسانہ نگار سعادت حسن منٹو اور سابق نگران وزیر اعظم ملک معراج خالد مرحوم کے گھروں کے سامنے سبزہ زار میں یہ بلڈ کیمپ لگایا گیا تھا جس میں 715بیگ خون جمع کیا گیا جس کے ہر بیگ سے تین مریضوںکو زندہ رہنے کا یقین دلایا جا سکتا ہے اور ان کے والدین کے دکھی دلوں کو سنبھالا جا سکتا ہے بابر محمود کے خدمت گروپ کا مرکزی دفتر بھی اس سبزہ زار کے قریب ہی ہے ۔بابر محمود نے سندس فائونڈیشن کے مرکزی دفتر میں تھیلیسیمیااور خون کی دیگر موروثی بیماریوں میں مبتلا بچوں اور ان کے والدین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کی ضرورت کے انسانی خون کی فراہمی میں مدد کریں گے اور ان کے ساتھی یقینی طور پر ان کی اس کوشش کو کامیاب بنائیں گے۔ خدمت گروپ کا یہ ’’بلڈ کیمپ‘‘ بہت ہی منظم صورت میں ہوا، ہوادار کینٹ کے نیچے درجنوں چارپائیاں بچھائی گئیں جن پر خون کا عطیہ دینے والے اپنا مقدس فرض ادا کرتے رہے کیمپ سے پہلے روز چارسو بیگ انسانی خون حاصل کیا گیا دوسرے روز شام تک مزید 315بیگ خون دیا گیا اور یوں لاہور میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا خوشی ہوتی ہے کہ جس معاشرے میں کھربوں روپے کی صورت بینکوں کے قرضے معاف کرائے جا رہے ہیں اسی معاشرے میں انسانی خون کے عطیات وصول کرنے کے نئے ریکارڈ بھی بن رہے ہیں اس کیمپ میں بابر محمود صرف خون لے ہی نہیں رہے تھے اپنا خون دے بھی رہے تھے ۔خدمت گروپ ہال روڈ لاہور کے صدر بابر محمود نے خون کے اس قابل قدر اور لائق تحسین عطیے کے علاوہ پچھلے سال سندس فائونڈیشن کے مریضوں کو 800کی تعداد میں عید کے تحائف بھی دیئے ۔ عید کے تحائف پیش کرنے کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہا اس سال ڈیڑھ ہزار سے بھی زیادہ تحائف تقسیم کئے گئے جن کی مالیت لاکھوں روپے میں بتائی جاتی ہے نیکی کے اس کام میں اردو بازار لاہور کے خالد پرویز ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر شیخ محمد ارشد سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید بھی اپنی عوامی مقبولیت سے کچھ فائدہ خون کے محتاج معصوم بچوں میں بھی بانٹ سکتے ہیں اس کے علاوہ لاہور کی میڈیسن مارکیٹ گنپت روڈ ،شاہ عالم مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ، اکبری منڈی، اعظم کلاتھ مارکیٹ اور دوسری صنعتی اور تجارتی منڈیوں کے بابر محمود بھی اپنے ہم وطنوں اور مستقبل کی نسلوں کی مدد کر سکتے ہیں دکھی انسانیت کی مدد کرکے خدمت خلق خدا کی نماز پڑھ سکتے ہیں ایوان صنعت و تجارت لاہور سے اپیل ہے کہ وہ سندس فائونڈیشن کو آرکیٹکٹ مشین کا تحفہ دیکر ایک اہم ضرورت کو پوری کریں۔ 
تازہ ترین