• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جکارتہ میں پاکستانی طالبعلم انیس کا مکمل علاج کرایا جائے، نوازشریف

اسلام آباد (اے پی پی/ جنگ نیوز) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے انڈونیشیا میں پاکستانی طالب علم انیس کی طبی حالت کا ذاتی طور پر نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جکارتہ میں پھنسے پاکستانی طالب علم انیس کا مکمل علاج معالجہ کرایا جائے، وزیراعظم نے پاکستانی طالبعلم کیلئے 26؍ ہزار ڈالر مختص کردیئے ہیں جس سے اس کے گزشتہ بل ادا کئے جائیں گے جبکہ انہوں نے آئندہ اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا پاکستانی طالب علم انیس کے کئی اعضاءناکارہ ہو چکے ہیں۔ سفارتخانے کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انیس کے خاندان کی رہائش کا بھی انتظام کرے۔ پاکستانی طالبعلم کے علاج کے اخراجات 12؍ لاکھ روپے ہوچکے تھے جبکہ اس میں روزانہ کی بنیاد پر 13؍ ہزار روپے اضافہ ہورہا ہے ۔ انڈونیشیا میں پاکستانی سفارتخانہ اس سے قبل بھی طالب علم کا علاج معالجہ کرا رہا تھا جو جکارتہ میں ایک نجی اسپتال میں داخل تھا تاہم علاج معالجے کی لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے سفارتخانے کو اخراجات برداشت کرنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں اس کے علاوہ انیس کے خاندان کے لوگ بھی وہاں پہنچ گئے جن کی رہائش اور دیگر ضروریات کیلئے انتظا ما ت کرنا مقصود تھا۔ وزیراعظم محمدنوازشریف نے پاکستانی طالب علم کی طبی حالت کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر قسم کے اخراجات برداشت کرے اور طالب علم انیس کے مکمل صحت یاب ہونے تک علاج معالجے کے تمام اخراجات کی ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ اسکے خاندان کی آمدورفت اور قیام سمیت تمام اخراجات برداشت کرے۔
تازہ ترین