• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج کی قدر نہیں،رائیونڈ مارچ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،خورشید شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو رائیونڈ مارچ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،وہ رائیونڈ جائیں پیپلزپارٹی عوام کے پاس جائے گی ، عمران  جا کر رائیونڈ گراؤنڈ میں بیٹھ جائیں گے اور میاں نواز شریف ہیلی کاپٹر میں چڑھتے اترتے رہیں گے، اس ملک میں احتجاج کی کوئی قدر نہیں، اگر یہی احتجاج ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا تو وہاں پر عوام اور حکمران ہل کر رہ جاتے، پانامہ لیکس کرپشن کی کھلی کتاب ہے جب میاں محمد نواز شریف خود کو پیش کررہے ہیں تو پھر حکومت کیوں رکاوٹ بن رہی ہے، پانامہ ہو،بہامہ یا وکی لیکس ہر کوئی اس سے کترار رہا ہے، وہ سکھر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خورشید  شاہ نے کہا کہ عمران خان رائیونڈ مارچ کررہے ہیں یا احتجاج کررہے ہیں تو یہ ان کی اپنی پارٹی پالیسی ہے، ہر سیاسی جماعت کی اپنی پالیسی اور منشور ہوتا ہے جس کے تحت وہ کام کرتی ہے ، پیپلزپارٹی نے بھی عوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم پنجاب سمیت پورے ملک میں جلسہ عام کریں گے ، عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور حکومت کی ناقص پالیسیوں سے عوام کو آگاہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا کسی بھی پارٹی کا جمہو ر ی حق ہے، یہ الگ بات ہے کہ ہمارے ملک میں احتجاج کرنے کا کوئی اثر نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی نے بھی اشوز پر احتجاج کئے ہیں، عوام کے مسائل پر احتجاج کئے ہیں، لیکن پیپلزپارٹی ہر اس اقدام سے گریزکرتی ہے جس سے کسی بھی طرح جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو، پیپلزپارٹی جمہوریت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت کی بحالی کے لئے ملک میں پیپلزپارٹی نے جو لازوال قربانیاں دیں ہیں وہ پوری دنیا کے سامنے ہیں ، ہم آج بھی جمہوریت کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں مصروف ہیں، پیپلزپارٹی کسی بھی غیر جمہوری عمل کا نہ ماضی میں حصہ بنی ہے اور نہ آئندہ کبھی بنے گی، ملک اور قوم کے لئے پیپلزپارٹی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ پیپلزپارٹی کا عوام میں گراف گر رہا ہے ہم نے یہ باتیں ماضی میں بھی سنیں ہیں ، پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی اور ہے ، آنیوالے انتخابات میں عوام ثابت کردیں گے کہ پیپلزپارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ، پیپلزپارٹی عوام کی سیاست کرتی ہے، ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے، اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں لیکن عوام کے درمیان رہتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ آج بھی ملک کے کونے کونے میں پیپلزپارٹی موجود ہے ، پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر قائدین جلد ہی پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی جلسہ عام کریں گے اور عوامی رابطہ مہم میں پیپلزپارٹی بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سکھر آمد کے موقع پر سکھر کے مسائل کے حوالے سے خصوصی طور پر انہیں آگاہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے کاشتکاروں، سرکاری اداروں کے ملازمین اور عوام کو درپیش جو بھی مسائل ہیں ان کے جلد از جلد حل اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تازہ ترین