• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستحکم معیشت امن و امان کے بغیر ممکن نہیں ، گورنر سندھ

کراچی ( پ ر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبہ میں امن و امان کی بحالی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی مرہون منت ہے جس کو برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے جسے صوبہ کے عوام کے تعاون سے حاصل کیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ مستحکم معیشت امن و امان کے بغیر ممکن نہیں اور مضبوط معیشت قابل فخر دفاع کی ضمانت ہے ، کمزور معیشت سے مضبوط دفاع محض خام خیالی ہی ہو سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعت کاروں کے ایک 10 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا وفد میں ایس ایم منیر، سردار یاسین ملک ، خالد تواب، حنیف گوہر ، گلزار فیروز، عبدالحسیب خان ، قاضی سجاد، ظفر بختیار، زبیر طفیل اور احمد چنائے شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 میں امن وامان کی دگرگوں صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشت گردوں، بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور اغواءبرائے تاوان میں ملوث مجرمان کے خلاف آپریشن کا آغازکیا گیا تھا اور تین سال کے دوران اس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، صوبہ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم ہوا ہے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی میں تاجر برادری اور صنعت کاروں کا تعاون قابل تحسین ہے، کیونکہ ان کے بھرپور تعاون کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجرمان کے خلاف کارروائی میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کار بھی مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جو امن و امان کی صورتحال پر ان کے اعتماد کا اظہار ہے۔
تازہ ترین