• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے ورکنگ باؤنڈری پراشتعال انگیزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیراڑ سیکٹر میں گزشتہ روز بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید دو شہری جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے اوریوں پچھلے دو دنوں میں شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد آٹھ تک پہنچ گئی جبکہ پاکستانی محافظوں کی جانب سے کی جانے والی جوابی فائرنگ میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے اس سے پیشتر بھی بھارتی ڈپٹی کمشنر مقیم اسلام آباد کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا تھا اور گزشتہ روز انہیں پھر فارن آفس میں طلب کرکے سخت احتجاج کیاگیا ہے۔ بھارت اگر اس طریقے سے پاکستان کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت سے باز رکھنے کی کوشش کررہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ظلم و جبر کے ہتھکنڈے مظلوموں کی تحریکوں کو تیز تر کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ بھارت جس طرح درجنوں کشمیریوں کو پچھلے دو ماہ کے دوران شہید کرکے اور سینکڑوں نوجوانوں کو پیلٹ گن کے چھروں سے بینائی سے محروم کر کے ان کی جدوجہدِ آزادی کو روک نہیں سکا اسی طرح پاکستان کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تائید و حمایت سے بھی نہیں روک سکے گا۔وزیراعظم نوازشریف نے 27اکتوبر کو کشمیریوں کی جانب سے دنیا بھر میں منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پراپنے پیغام میں ایک بار پھر کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ لہٰذا بھارتی حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی کر کے پاکستان کو کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت سے دستبردار ہونے پرمجبور نہیں کرسکتا اور اسے اس مسئلے کو آج نہیں تو کل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہی پڑے گا کیونکہ اس کے بغیر یہ پورا خطہ عدم استحکام کا شکار رہے گا۔


.
تازہ ترین