• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کافی ود ڈی‘ کے فلمساز کو انڈر ورلڈ کیجانب سے دھمکیاں موصول

ممبئی(جنگ ڈیسک) بولی وڈ فلم ’کافی ود ڈی‘ کے فلمسازوں نے فلم کی ریلیز کی تاریخ ملتوی کردی ہے۔فلم کی ریلیز کی تاریخ 6 جنوری تھی جو اب 20جنوری کو ریلیز کی جائے گی،فلمسازوں نے فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان نئے پوسٹر کے ساتھ کیا ہے۔فلم کی ریلیز کی تاریخ ملتوی کئے جانے کی وجہ کوئی دوسری فلم نہیں بلکہ بہت خطرناک ہے جس کے باعث فلمساز تاریخ ملتوی کرنے پر مجبور ہوئے۔فلمسازوں کو دبئی سے انڈرورلڈ ڈان چھوٹا شکیل کی جانب سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہوئی ہیں،جس نے ڈائریکٹر کو فلم سے ایسے مناظر نکالنے کاکہا جس میں داؤد ابراہیم کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اگر فلمساز نے ان مناظر کو فلم سے نا نکالا تو اس کے خطرناک نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔اس سے فلمساز نے خوفزدہ ہو کر پولیس سے تحفظ فرہام کرنے کی درخواست کردی اور فلم کی ریلیز کی تاریخ ملتوی کردی۔فلم کے پروڈیوسر ونود رامانی نے کہا ہے کہ چھوٹا شکیل واضح طور پر کہا ہے کہ وہ فلم میں ایسے مناظر نہیں چاہتے جن میں داؤد ابراہیم کی توہین کی گئی ہو،اس نے مزید کہا کہ ہم تم سے کسی رقم کا مطالبہ نہیں کررہے ،صرف ایسے مناظر نکال دو بصورت دیگر تمھارے پورے خاندان کی زندگی میں خطرے میں ہے۔فلم کو بھارتی سینسر بورڈ کی جانب سے چند مناظر نکالنے کے بعد منظوری مل گئی ہے،مگر اس سنجیدہ مسئلے سے فلمساز خوفزدہ ہوگئے ہیں اور ان کے پاس پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں تھا۔فلم کی کہانی ایک ایسے مقبول صحافی کی زندگی کے گرد گھوم رہی ہے جو ڈان ڈی کے ساتھ خصوصی انٹرویو کرنا چاہتا ہے،صحافی کا کردار کامیڈین اداکار سنیل گرور نبھارہے ہیںجبکہ ڈان ڈی گینگسٹر داؤد ابراہیم کی زندگی کا نمونہ ہے جسے اداکار ذاکر حسین نے ادا کیا ہے۔فلم ڈان ڈی کو وشال مشرا نے تحریر اور ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ ونود رامانی اس کے پروڈیوسر ہیں۔
تازہ ترین