• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ سال انتخابات کیلئےنجی تیاری کے بارے میں مخالفین کو ’’متنبہ‘‘ کردیا،بچے من کے سچے،تقریب کی جھلکیاں

اسلام آباد /کٹاس راج (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم نواز شریف نے بدھ کو وفاقی دارالحکومت کے اسکولوں کے لئے دو سو جدید بسوں کی فراہمی کے لئے منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں شرکت کی جہاں ستر بسوں کی پہلی کھیپ ایف ایٹ کے علاقے کے ایک اسکول میں طلبا کےحوالے کی گئی اس موقع پر محترمہ مریم نواز شریف بھی موجود تھیں جو وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کی نگراں بھی ہیں وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تقریب کی نظامت اور میزبانی کی۔ وزیراعظم بعد ازاں چکوال کے نواح میں راج کٹاس کے مندر گئے جہاں انہوں نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد کے نمائندہ اجتماع سےخطاب کیا۔ راج کٹاس ہندومت کے مقدس ترین مقامات میں شامل ہے۔ راج کٹاس میں وزیراعظم نے امرت جل کہلانے والے مقدس پانی کی صفائی کے پلانٹ، اندر کی تزئین و آرائش اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نواز شریف ان دونوں تقاریب میں غیر معمولی طورپر مطمئن اور پراعتماد دکھائی دیئے اور زبان و بیان کے شاندار مظاہرے سے آئندہ سال کے عام انتخابات کے لئے اپنی نجی تیاری کے بارے میں مخالفین کو ’’متنبہ‘‘ کردیا ہے۔اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہزاروں کی تعداد میں پرجوش بچوں سے کہا کہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں یہ کہتے ہوئے انہوں نے بچوں سے کہا کہ آپ میری جان ہو اور میرے دل کی دھڑکن ہو یہ کہتے ہوئے ان کی بے ساختگی دیدنی تھی۔ یہاں مریم نواز شریف نے اپنے والد کے اصرار پر کسی تیاری کے بغیر تقریر کی جس میں انہوں نے اعلان کیا کہ تعلیمی اصلاحات کے پروگرام کے تحت اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کی کایا موجودہ عرصہ حکومت میں ہی پلٹ دی جائے گی اس پر غیر معمولی تیز رفتاری سے کام ہورہاہے انہوں نے تالیوں کی گونج میں اعلان کیا کہ ہم اسکولوں میں ہیکل اساسی ہی تبدیل نہیں کرینگے ماحول اور تدریس کا معیار بھی بلند کررہےہیں اسکولوں کے طلبا اور طالبات نے داد دینے میں مریم نواز شریف کے لئے وزیراعظم سے کہیں زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اس کا سبب ان کا طلبا سے لگاتار رابطہ ہے اس پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ خود بھی اسکولوں کا دورہ کرکے طلبا سے ملاقاتیں کرینگے۔ تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر سید آصف سعید کرمانی اور اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت محترمہ مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ خصوصی تعلیم کے اسکولوں کے طلبا و طالبات نے ملی ترانہ، ملے نغمے، تلاوت اور مختلف آئٹمز پیش کئے۔ ایک نابینا طالبہ نے نعت سرور کونینؐ بڑےدلنشیں انداز میں پیش کی وزیراعظم نواز شریف نے اس طالبہ سمیت تمام معذور بچوں کو باری باری اسٹیج پر بلایا اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی ایک ننھی منی طالبہ جو سننے اور بولنے سے معذور تھی اس نے اشاروں کی زبان سے وزیراعظم کااسٹیج پر آکر شکریہ ادا کیا تو وزیراعظم نے وفور شفقت سے اسے گود میں اٹھالیا اور پھر بس سے مشابہہ کیک کو بھی اسی سے کٹوایا اور کیک کا پہلا ٹکڑا خود اپنے ہاتھ سے اسے کھلایا بعد ازاں یہی بچی پورا وقت مریم نواز شریف کی گود میں بیٹھی رہی وہ اس برتائو پر بہت مسرور تھی جبکہ طلبہ و طالبات نے بھی وزیراعظم کی طرف سے ایک معذور بچی کی آئو بھگت کو بہت سراہا ۔
تازہ ترین