• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام کشمیری اپنے ایم پی سے 19 جنوری کو مسئلہ کشمیر پر بحث کیلئے رابطہ کریں

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) تمام کشمیری اپنے اپنے ممبران پارلیمنٹ سے19جنوری کو ہائوس آف کامنز میں مسئلہ کشمیر پر بحث میں شرکت کے لئے رابطہ کریں،برطانوی پارلیمنٹ میں پہلی بار3گھنٹے مسلسل صرف مسئلہ کشمیر پر چیمبر میں بحث کی کامیابی برٹش کشمیریوں کا تاریخی کارنامہ ہے، کشمیر گروپ کے چیئرمین ڈیوڈ نٹالMP اور ان کی پوری ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حقِ خودارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے آزاد کشمیر و پاکستان کے دو ہفتے کے دورے سے واپسی کے بعد ایک خصوصی مشاورتی اجلاس میں کیا جس کی صدارت تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمٰن خان نے کی جبکہ مہمان خصوصی ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر تھے۔ راجہ نجابت حسین نے تفصیلی طور پر دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کے یوتھ فورم کی طرف سے آرگنائز کئے گئے عالمی کشمیر سیمینار میں تحریکی عہدیداروں برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور کونسلروں نے بھرپور انداز میں شریک ہو کر برٹش کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی جبکہ کشمیری اور پاکستانی نژاد ارکان پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد، لارڈ قربان حسین، افضل خانMEP، امجد بشیرMEP، جولی وارڈMEP نے پاکستانی وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ چوہدری نثار احمد، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر، وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمٰن، آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان، وزیر اعظم راجہ فاوق حیدر خان، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یٰسین جب کہ متعدد ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ آزاد کشمیر کے وزیر اور ممبران اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کیں جہاں پر تحریکی عہدیدار بھی راجہ نجابت حسین کی قیادت میں شامل ہوتے رہے۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان نے تمام برطانوی مندوبین سے تفصیلی تبادلہ خیالات کیا اور بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر اجاگر کرنے کا لائحہ عمل اچھی طرح طے کیا جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے تمام وفود کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ راجہ نجابت حسین نے دو روزہ کامیاب سیمینار کروانے پر پارلیمنٹری یوتھ فورم کی سیکرٹری جنرل شازیہ فاطمہ خواجہ اور رومینہ خورشید عالم کو پوری کشمیری قوم کی طرف سے مبارک باد پیش کی جب کہ اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ پارلیمنٹ کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان کی صوبائی اسمبلیوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی اسمبلیوں میں نوجوان پارلیمنٹرین مسئلہ کشمیر پر ایسی ہی بین الاقوامی کانفرنسوں کا انعقاد کرے گی جس کے لئے جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ ہر سطح پر تعاون کرے گی۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے وفد میں چیئرمین راجہ نجابت حسین، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، کونسل اصغر خان قریشی، کونسلر تیمور طارق، ثمینہ خان کاروباری شخصیت شاہد حسین شاہ اور یوتھ کی رہنما علینہ ڈار شامل تھے جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان سے بھی تحریکی خواتین اور معاونین فجر راجہ فرحت آصف، ڈاکٹر عشرت سجاد، فدا حسین کیانی، محمد رشید چوہدری، محمد آمون پاشا، راحت فاوق راجہ ایڈووکیٹ، نصرت شہناز درانی اور دیگر معاونین نے بھی شریک ہو کر سیمینار میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نمائندگی کی اور مظفر آباد اور میرپور کے علاوہ اسلام آباد میں تحریکی سرگرمیوں کو چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی نوجوان ممبر اسمبلی سحرش قمر ملک، مسلم کانفرنس کی مرکزی سیکرٹری جنرل سابق ڈپٹی سپیکر مہرالنسا اور آزاد کشمیر اسمبلی کے اوورسیز کے لئے نمائندے راجہ جاوید اقبال، تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد، ممبر اسمبلی اور سابق وزیر ماجد خان نے بھی راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کو ہر سطح پر تعاون کا یقین دلاتے ہوئے تحریکی سرگرمیوں میں کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ یورپی پارلیمنٹ میں کنزرویٹو پارٹی کے یارکشائر سے ممبر اور یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق اور فارن افیئرز کمیٹی کے نمائندے امجد بشیر نے اس موقع پر اسلام آباد میں ہونے والے بین الاقوامی کشمیر سیمینار کو تحریک آزادی کے لئے ایک نئے باب کا اضافہ قرار دیا اور جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کی ٹیم کی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف تحریکی رہنمائوں کی یارکشائر کے اندر اپنی معاونت جاری رکھی گے۔ 5فروری سے11فروری تک ہفتہ کشمیر کے لئے بھی بھرپور تعاون کریں گے۔ تحریک کے سرگرم رکن ہیری نے کہا کہ وہ برطانیہ کے650ممبران پارلیمنٹ کو19جنوری کی کشمیر بحث کے لئےemails بھیج رہے ہیں اور دیگر کشمیری پاکستانیوں کو بھی ارکان پارلیمنٹ کو دعوت دینی چاہئے۔
تازہ ترین