• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے ، ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے افسران کو اصل اداروں میں بھیجنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پی آئی اے نے دیگر اداروں سے پی آئی اے میں ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے افسران کو ان کے اصل اداروں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جرمن سی ای او سمیت تمام ڈائریکٹروں کے غیرملکی دوروں پر پابندی عائدکرتے ہوئے ان کے غیر ملکی دوروں اور بھاری الاؤنس وصول کرنے کی تحقیقات کرنے کے لیے بورڈ کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے سارے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 22 فروری تک اپنے عہدوں کا چارج چھوڑ دیں۔ اس امر کا فیصلہ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا جو پیر کو لاہور میں ہوا۔ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے کی زد میں پی آئی ڈی سے آئے ہوئے جنرل منیجر شعبہ تعلقات عامہ دانیال گیلانی ، آئی بی سے آئے ہوئے جنرل منیجر سیکوریٹی نجم عارف، پاک فضائیہ سے آئے ہوئے ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ لاجسٹکس ائر کموڈور عمران اختر، جنرل منیجر گروپ کیپٹن ابرار، ونگ کمانڈر جاوید سومرو اورنگ کمانڈر عامر قریشی آئیں گے۔بورڈ ارکان کی رائے تھی کہ ڈپوٹیشن پر آنے والے افسران پی آئی اے پر بوجھ ہیں اور ان کی جگہ لینے کے لیے ائرلائن میں قابل افسران موجود ہیں ۔ اجلاس میں شریک ایک ذریعے کے مطابق بورڈ کے ارکان نے قائم مقام جرمن چیف ایگزیکٹو آفیسر ہلڈن برانڈ کے مسلسل غیر ملکی دوروں پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ جرمن چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ساتھ ساتھ بعض ڈائریکٹر بھی مسلسل غیر ملکی دوروں کے نام پر ملک سے باہر رہے اور بیرون ملک الاؤنس کے نام پر مالیاتی گرداب میں پھنسی ائر لائن سے کروڑوں روپے وصول کیے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈائریکٹر آئی ٹی اظہر چودھری سال کے 365 دنوں میں سے 170 دن ملک سے باہر رہے۔اس میں سے 70 دن انہوں نے صرف پیرس میں گزارے۔ اپنے بیرون ملک قیام کے دوران انہوں نے کوئی کام نہیں کیا اور ڈالروں میں الاؤنس وصول کیے۔ اجلاس میں جرمن سی ای او برانڈ سمیت تمام ڈائریکٹروں کے غیر ملکی دوروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ غیرملکی دوروں کیلئے افسران کو چیئرمین پی آئی اے سے پیشگی اجازت لینا ہوگی ۔جرمن سی ای او اور ڈائریکٹروں کے بیرون ملک دوروں کی تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے سربراہ بورڈ کی ہیومین ریسورس کمیٹی کے سربراہ ملک نذیر ہوں گے ۔ اجلاس میں مسلسل بھاری خسارے کی شکار پی آئی اے کی پریمئر سروس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں تمام بوئنگ 777 طیاروں کی سیٹیں تبدیل کرنے اور ان کی تزئین و آرائش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
تازہ ترین