• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے وفاقی بجٹ‘ ملک بھر کے کلکٹریٹس اور فیلڈ فارمیشنوں کے عہدیداروں کا اپریل میں اجلاس طلب

اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر نے نئے وفاقی بجٹ کے بارے میں دو اہم اجلاس اپریل کے پہلے ہفتے میں طلب کر لئے ہیں۔ دونوں اجلاس ایک ہی دن ہونگے۔ پہلے آدھے دن میں محکمہ کسٹم کے چیف کلکٹرز‘ ڈپٹی کلکٹرز‘ اسسٹنٹ کلکٹرز‘ نئے وفاقی بجٹ کیلئے اپنی اپنی تجاویزو سفارشات پیش کرینگے۔ اس اجلاس میں ممبر کسٹم زاہد کھوکھر‘ چیف کسٹم اور دیگر متعلقہ ممبران‘ وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان اور چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد بھی ڈائس پر موجود ہونگے۔ اسی دن کے دوسرے حصے میں ملک بھر کے چاروں لارج ٹیکس پیئرز یونٹوں‘ 18 ریجنل ٹیکس دفاتر اور کارپوریٹ ریجنل ٹیکس دفاتر کے چیف کمشنرز صاحبان 2017-18ء کیلئے قابل عمل تجاویز اور سفارشات پیش کرینگے جن کے نتیجے میں اسمگلنگ کو روکنے میں مدد ملے گی۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں غیرقانونی اسمگلنگ کا خاتمہ ہو گا۔ انکم ٹیکس‘ سیلز ٹیکس‘ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی‘ کسٹمز کے قوانین میں قابل عمل اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ترامیم وفاقی بجٹ میں لائی جائینگی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان‘ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد ارشاد نے وفاقی بجٹ کیلئے فیلڈ فارمیشنوں اور کسٹم کلکٹریٹس کے ماہرین سے تجاویز طلب کی ہیں۔ اس اجلاس کی وجہ سے ٹیکس کلکٹروں کو فیلڈ میں درپیش مشکلات کا خاطر خواہ ازالہ ہو جائیگا۔
تازہ ترین