• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلہ مخالفوں کی شکست ہے، مریم نواز، اللہ کا شکر سرخرو ہوئے، حکومت، اب تلاشی ہوگی، وزیراعظم استعفیٰ دیں، اپوزیشن

اسلام آباد (ایجنسیاں ) وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مخالفین کی شکست ہے‘جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہاکہ درخواست گزار کوئی الزام ثابت نہیں کرسکے،عمران خان کو انگلی کے ذریعے نوازشریف کی وکٹ لینے میں ناکامی ہوئی ہے‘عمران خان کو ایک اور فورم سے بھی ناکامی ہوئی ہے‘چار مہینے کی سماعت کے بعد تحقیقات کا حکم درخواست گزاروں کی شکست ہے۔دریں اثناءمسلم لیگ (ن) نے کہاہے کہ وزیراعظم صادق اور امین ہیں ،اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ پاناما فیصلے میں وہ سرخرو ہوگئے اور مخالفین کی سازش و مذموم سیاست کا جنازہ نکل گیا ، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تحقیقات بھی مخالفین کیلئے شرمندگی کا باعث بنے گی ، عمران خان ، شیخ رشید اور سراج الحق عدالتی فیصلے کا احترام کریں اور اپنے گریبان میں جھانکیں‘جھوٹے الزامات لگانے والے شرمندہ ہوئے‘سچ کا بول بالا جھوٹ کا منہ کالاہوا‘تحقیقات کیلئے تیارہیں ‘چور دروازے سے شب خون مارنے کی سازش ناکام ہوگئی ‘ عمران رونا بندکریں۔ان خیالات کا اظہاروزیر مملکت مریم اورنگزیب ‘رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری‘وزیر دفاع خواجہ آصف‘وفاقی وزیراحسن اقبال ‘سعدرفیق ودیگر نے پاناماکیس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا  ۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب تماشہ بند کرکے تمام سیاسی جماعتوں کو جے آئی ٹی پر اعتماد کرنا چاہیے‘وزیراعظم سرخرو ہوئے ہیں‘جھوٹے الزامات لگانے والوں نے ہر طرح کے حربے اور انتشاری سیاست کی مگروہ شرمندہ ہوئے۔
تازہ ترین