• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کو جانا ہی ہوگا، زرداری کے پیچھے بھی جائونگا، عمران خان

جوہی/دادو(نامہ نگار /ایجنسیاں)پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اب ملک میں کرپٹ طبقے اور مظلوم عوام کی جنگ ہوگی ، آنے والے دن ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرینگے، نوازشریف کو اب جانا ہی ہوگا، جمعہ کو اسلام آباد میں پورے ملک کو جمع کررہا ہوں تاکہ بتایا جائے کہ ایک کرپٹ شخص ملک کا حکمران نہیں ہوسکتا، نوازشریف کے بعد زرداری کے پیچھے آئوں گا،دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی بڑی پارٹی کو چھوٹا بنانے والا آصف زرداری مبارکباد کا مستحق ہے ۔  دادومیں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ لیاقت جتوئی کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتا ہوں، وقت ثابت کرے گا کہ آپ نے جو فیصلہ سندھ اور پاکستان کے لئے کیا وہ درست ثابت ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری کہتے ہیں کہ عمران خان کو سیاست کرنا نہیں آتی، اگر آپ کو سیاسی سمجھ ہے تو آپ نے تو وہ کارنامہ انجام دیا جو کوئی فوجی آمر بھی نہیں کرسکا، آپ نے ذوالفقار علی بھٹو کی جماعت جو چاروں صوبوں میں پھیلی ہوئی تھی اسے ایک چھوٹی سی جماعت بنا دیا، جبکہ پیپلز پارٹی کو چھوٹا کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے کہا کہ مجھے سیاسی سمجھ نہیں تو میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ مجھے ایسی سمجھ نہ دینا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بدقسمتی کہ پاناما کا انکشاف ہوگیا اور انکشاف کیا ہوا کہ جو لندن میں اربوں کی مالیت کے مے فیئر کے اپارٹمنٹس تھے وہ نواز شریف کے نکلے جن کا ہمیں پہلے سے پتہ تھا، نواز شریف کو لوگ کہتے تھے کہ کتنا معصوم ہے لیکن میں انہیں دہائیوں سے جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ذریعے قوم کا پیسا لوٹا گیا اس لیے ہم مقروض ہوئے، غریب مزید غریب ہوگیا، سڑکیں، ہسپتال، تعلیمی نظام سب تباہ ہوگیا، قرضوں کی وجہ سے قوم کا بچہ بچہ مقروض ہوگیا ہے، ایک روپیہ کماتے ہیں 70 پیسے قرضے کی مد میں دے دیتے ہیں، آصف زرداری سے پوچھیں کہ پیسا کہاں سے آیا؟ لیکن آصف زرداری، نواز شریف کے بعد اب میں آپ کے پیچھے آرہا ہوں اور اب ہم سندھ کے ہر علاقے میں جائیں گے۔ جلسہ سے لیاقت جتوئی، شاہد محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیںسابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی اور ان کے بھائی سابق سینیٹرصداقت جتوئی ودیگرنے جلسہ عام کے دوران عمران خان کی موجودگی میں باضابطہ طور پرتحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
تازہ ترین