• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کا ہنگامہ

اسلام آباد (ایجنسیاں) پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی ) میں پریس کانفرنس کرنے کی اجازت نہ ملنے پرتحریک انصاف کا ہنگامہ ‘وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درخواست دے دی‘دوسری جانب وزیرمملکت مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ ہر ادارہ ان کی مرضی سے نہیں  چلے گا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے گزشتہ روز تین بجے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرناتھی تاہم مقررہ وقت پر جب میڈ یا نمائندگان اور تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی اور نعیم الحق پی آئی ڈی پہنچے تو انہیں اندر جانے سے روک دیا گیاجس پر لفظی تکرار شروع ہو گئی جو شدت اختیار کر گئی‘پی آئی ڈی کے ڈپٹی ڈی جی ریٹائرڈ میجر بلال نے جب تحریک انصاف کے رہنماؤں کو روکا تو ہنگامہ برپا ہو گیاتاہم اس موقع پر نعیم الحق درمیان میں آئے اور انہوں نے کہا کہ ہم نے پی آئی ڈی کو پریس کانفرنس کے لیے درخواست بھیجی تھی تاہم ریٹائرڈ میجر بلال نے کہا کہ درخواست ملی تھی تاہم اجازت نہیں دی گئی‘پریس کانفرنس کی اجازت نہ ملنے پرتحریک انصاف کے رہنماؤں نے مریم اورنگزیب کے خلاف تھانہ آبپارہ میں درخواست دے دی ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے موقف اپنایا گیا کہ جب حکومتی ارکان پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرسکتے ہیں تو پھر ہم کیوں نہیں کرسکتے اور مریم اورنگزیب کے حکم پر ہمیں پریس کانفرنس کرنے سے روکا گیا۔نعیم الحق نے دیگر رہنماؤں شبلی فراز، شہریار آفریدی، فواد چوہدری اور مراد سعید کے ہمرا ہ پی آئی ڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں ۔ پی آئی ڈی صرف دونوں بھائیوں کی تشہیر کر رہا ہے‘ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کا حق ہر پارلیمنٹرین کا ہے‘ہم چاہتے ہیں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے‘ملکی سکیورٹی جیسے حساس معاملے کو وزیراعظم ہاؤس سے لیک کیاگیا‘اس موقع پر شہریارآفریدی نے کہا کہ حکمرانوںخود اپنی نااہلی سے خوفزدہ ہیں ہم سڑکوں پر بھی جانے کیلئے تیار ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ جس بدتمیزی اور بے حیائی کے زریعے ہمیں روکا گیا اس کا جواب حکمرانوں سے مانگا جائے گا، یہ سرکاری اداروں کو اپنی ملکیت سمجھتے ہیں۔ ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اپنے رو یوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے‘پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے محض میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پی آئی ڈی کے سامنے ڈرامہ کرنے کی کوشش کی ہے ‘پی ٹی آئی کی جانب سے پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس کرنے کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی تھی جس پر انہیں بتایا گیا کہ پی آئی ڈی میں کن حالات کے دوران کس کس کو پریس کانفرنس کرنے کی اجازت ہے‘پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ہر ادارہ ان کی مرضی اور دھونس کے مطابق چلے اور ایسا ممکن نہیں، کل تحریک انصاف کے رہنماء وزیر اعظم ہاؤس یاایوان صدر میں بیٹھنے کی اجازت بھی طلب کر سکتے ہیں ۔
تازہ ترین