• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نومنتخب ایم پیز مسئلہ کشمیر کے حل میں نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں، نعیم حسین

مانچسٹر( تنویر کھٹانہ) برطانوی سیاست میں پاکستانی نژاد سیاستدانوں کا کردار نہایت اہم ہے اور کشمیر کے مسئلہ کو بہتر طور پر پارلیمنٹ میں پہنچانے میں نو منتخب پاکستانی اور کشمیری نژاد ممبران پارلیمنٹ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مانچسٹر دھماکے اور لندن میں دہشت گردی کے واقعات کمیونٹی کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی ایک سازش تھی۔ جو مسلمانوں کی انتھک کوششوں سے ناکام ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار اولڈہم کی معروف سماجی اور کاروباری شخصیت خواجہ نعیم حسین نے روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ خواجہ نعیم جو یو پی وی سی ونڈو کاروبار سے گزشتہ کئی برسوں سے منسلک ہیں اور برطانیہ میں نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے حامی اور کاروبار اور سیاست میں پاکستانی کمیونٹی کی دلچسپی کو خوش آئند گردانتے ہیں، کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ عام انتخابات میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا اور اب یہی نمائندگان پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیےموثر حکمت عملی اپناتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ کشمیر کا مسئلہ اور امیگریشن پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے دیرینہ مسائل ہیں جن کا حل بہت ضروری ہے اور امید ہے کہ پاکستانی نژاد ممبران پارلیمنٹ ان مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ خواجہ نعیم حسین نے گریٹر مانچسٹر سے منتخب ہونے والے افضل خان، فیصل رشید، یاسمین قریشی اور نئے ممبر یورپی پارلیمنٹ واجد خان کو بھی مبارکباد پیش کی اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

تازہ ترین