• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نئی بوتل میں پرانا مشروب ہے‘تحریک انصاف

اسلام آباد (آئی این پی ) تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ پختون عوام نے بلاول بھٹو زرداری کو مستردکردیا‘بلاول کی صورت میں نئی بوتل میں پرانا مشروب بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے،خیبرپختونخوا کے عوام نے بلاول کو بتا دیا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں،ایک بیماری سے نجات کے بعد قوم دوسری وبا گلے لگانے کو تیار نہیں ،بلاول سندھ کے لوگوں کی زندگیوں سے عذاب کم کریں۔ اتوار کو بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بلاول کو بتا دیا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔نعیم الحق کے مطابق بلاول کے سامنے نوجوانوں نے ʼ ’’آئی آئی پی ٹی آئی‘‘کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ صوبائی حکومت کی مکمل آزادی کے باوجود پختون عوام نے بلاول کو مسترد کردیا۔ پرکشش نعروں سے عوام کی گردنوں پر مسلط ہونے کا وقت گزر گیا‘قوم کرپشن، اقربا پروری اور موروثیت کو کسی طور قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔پنجاب اور سندھ کے عوام پختونخوا کی طرح ایک نیا اجالا چاہتے ہیں ۔

تازہ ترین