• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانیت کے ساتھ حیوانات کی خدمت بھی ضروری ہے، افضل خان

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) بحیثیت انسان ہمیں انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ ساتھ حیوانات کی بھی خدمت کرنی چاہئے۔ اسلامی تعلیمات اور نبی محمدﷺ نے ہمیں ایسا کرنے کا بار بار درس دیا ہے۔ دنیا بھر خصوصاً پاکستانی و کشمیری جہاں بھی بستے ہیں صدیوں سے روایتی کھیلوں کا انعقاد کرکے عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ انہی میں سے کبوتر بازی کا شوق رکھنے والے افراد اس کھیل کا انعقاد بڑی دھوم دھام اور اہتمام کے ساتھ کرتے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو وزیر برائے امیگریشن افضل خان نے پاکستانی کمیونٹی سینٹر لانگ سائیڈ مانسچٹر میں کبوتر پروری کے سالانہ کنونشن اور تقسیم انعامات کے موقع پر منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ اس کھیل کی سرپرست اعلیٰ و صدر ملکہ برطانیہ ایلزبتھ ہیں اس سے اس کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے پروگراموں سے برطانیہ بھر سے آئے ہوئے شوقین افراد جوکہ کبوتر پروری کرتے ہیں ملنے کا موقع ملتا ہے اور کمیونٹی کے اندر اتحاد و اتفاق اور باہمی روابط کا سلسلہ مزید مضبوط و مستحکم ہوتاہے۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم نے کہا کہ ہم اپنے اس شوق کو پورا کرنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں اس بات کا اندازہ اس کنونشن میں شریک افراد کی تعداد سے لگایا سکتا جاتا ہے ہر سال بہتری پیدا ہو رہی ہے۔ ہم تمام معزز مہمانان اور حاضرین کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن پیٹر برا کے چوہدری نواز کے کبوتر جبکہ دوسری نیوکاسل سے چوہدری عمر اور تیسری اولڈہم ٹائون کے محمد سرفراز کے کبوتروں نے حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کمیٹی کے باقی اراکین چوہدری امجد محمود علی عمران چوہدری اکرم، چوہدری نجابت تھے جبکہ ان کو استاد وسیم حنیف، طارق بٹ، محمود، حاجی قربان، امجد محمود کا مکمل تعاون رہا۔ تقریب میں پروفیسر رئیس خان، میاں امجد علی اور طاہر محمود نے خصوصی شرکت کی۔
تازہ ترین