• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا سے سیریز،محمد حفیظ قومی ٹی 20ٹیم میں واپس

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا تین ٹی 20 میچوں کے لئے سولہ رکنی ٹیم سے فاسٹ بولر سہیل خان کو ڈراپ کردیا ہے۔ آل رائونڈر محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ بولر محمد عامر کانام بھی ٹیم میں شامل ہے لیکن ان ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ محمد عامر نے ورلڈ الیون کے تینوں میچوں میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ عامر دبئی ٹیسٹ کے دوران پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے انہیں ڈاکٹروں نے دو سے تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم کو سلیکٹر نے ایک بار پھر مختصر فارمیٹ کے قابل بھی نہیں سمجھا۔ فواد عالم ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم میں بھی شامل نہیں تھے۔ گذشتہ ماہ ورلڈ الیون کے خلاف دوسرے میچ میں سہیل خا ن کی خراب بولنگ فارم اور فیلڈنگ انہیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کا سبب بنی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کو ورلڈالیون کے خلاف آرام دیا گیا تھا لیکن ٹیم انتظامیہ کی درخواست پر دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ورلڈالیون کے خلاف حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم میں پندرہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ انضمام الحق کی سربراہی میں پی سی بی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف مختصر فارمیٹ کے تین میچوں کی سیریزان کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، عامر یامین، رومان رئیس، عثمان شنواری اور عمر امین شامل ہیں ۔33سالہ سہیل خان نے پاکستان سپر لیگ میں بہترین بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ورلڈ الیون کے خلاف پہلے میچ میں28رنز دے کر دو اور دوسرے میچ میں 44رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 26 اکتوبر کو ہو گا، پہلے دو میچز 26 اور 27 اکتوبر کو ابوظبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری میچ 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین