• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم تشکیل کے مرحلے میں ہے،جیت کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا، سرفراز

  کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم تشکیل نو کے مرحلے سے گذر رہی ہے اور نوجوان کھلاڑی ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں۔نوجوان کرکٹرز کی میچ وننگ کارکردگی سے ٹیم مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے۔ کارکردگی کے اسی تسلسل کو آگے بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ پیر کو سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے کے بعد وہ میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ شارجہ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سریز پانچ صفر سے جیت لی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے کسی بھی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آخری مرتبہ 2008 میں کلین سویپ کیا تھا۔ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم اب تک لگاتار 9ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔ جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے شارجہ اسٹیڈیم کا چکر لگا کر پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دوں ۔ اچھی بات یہ ہے کہ جس نوجوان کھلاڑی کو موقع دیا اس نے پر فارم کیا۔ عثمان شنواری نے غیر معمولی اسپیل سے آخری میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ سیریز کے نتیجے سے خوش ہوں۔ اگر ہم 280رنز بنالیتےہیں تو ہماری بولنگ میں حریف ٹیم کو آئوٹ کرنے کی پوری صلاحیت ہے۔ سری لنکا کے کپتان اوپل تھرنگا نے کہا کہ ہم اپنی قوت کے مطابق نہیں کھیلی۔ ہماری ٹیم چار بار دو سو کا ہندسہ عبور نہ کرسکی یہ تشویش کی بات ہے۔ عثمان کے پہلے اسپیل کے بعد ہمارے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ مین آف دی میچ عثمان شنواری نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ اور ٹیم کے ماحول نے مجھے اعتماد دیا۔ میں اپنے بولنگ کوچ سے سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں۔ سیریز کے بہتر ین بولر حسن علی نے کہا کہ میں نے اپنی بیسک کو درست رکھا، اگر ایک جگہ بولنگ کرتا تو بیٹسمین کےلیے آسان ہوجاتا لیکن میں نے بائونسر سے بیٹسمین کو دبائو میں رکھا۔
تازہ ترین