• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت اور آسٹریلیا کیخلاف بولنگ میں زیادہ توانائی ملتی ہے،عامر

کراچی ( جنگ نیوز) فاسٹ بولر محمد عامر اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا بھگتنے کے بعد میدانوں میں آکر اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پانچ سال بعد کم بیک کیا، تینوں فارمیٹس اور لیگ کھیل رہا ہوں کیونکہ پابندی کے دوران کوئی کرکٹ نہیں کھیلی تھی اس لحاظ سے تو میں اپنی کارکردگی سے بہت حد تک مطمئن ہوں۔ پاکستان کی جانب سب سے زیادہ اوورز کرانے والے بولرز میں دوسرے نمبر پر رہا۔ تھوڑا بدقسمت بھی رہا کہ میری گیند پر کیچز بھی ڈراپ ہوئے ۔ کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس کے بعد انگلینڈ میں ساکھ بری طرح متاثر ہوئی تھی، لیکن چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو کرائی گئی لگاتار دو گیندوں نے صورتحال بدل کر رکھ دی۔ جب تک فٹ ہوں تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ پانچ سال کرکٹ کے میدانوں سے دور رہنے کے باوجود فٹنس کو برقرار رکھا ۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارت کے خلاف فائنل میں کوہلی کا کیچ ڈراپ ہونا لیکن اگلی ہی گیند پر دوبارہ آئوٹ ہوجانا ہماری بہت بڑی کامیابی تھی۔ ہم ساٹھ سے 70 فیصد میچ وہیں جیت گئے تھے۔اس موقع پر خطرہ محسوس ہوا کہ فخر زمان جنہوں نے نو بال پر آئوٹ ہونے کے بعد سنچری بنادی تھی، کہیں کوہلی بھی خطرناک ثابت نہ ہو لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کوہلی اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا پسندیدہ حریف ہیں ان کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے کچھ زیادہ ہی تحریک ملتی ہے۔
تازہ ترین