• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانارومی اورابن عربی کو سمجھنے کیلئے بار بار جاتا رہا،بشریٰ بی بی سے ہمیشہ فیملی کیساتھ ملا،شادی کی پیشکش کا بچوں کو بھی پتہ نہیں تھا،عمران خان

Todays Print

اسلام آباد (آئی این پی‘این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 30 سال پہلے میرا خدا پر کوئی ایمان نہیں تھا‘ صوفی ازم پڑھنے کے بعد مجھے ایمان کی سمجھ آئی‘میری شادی کی خبر سے کون سے جرم سے پردہ اٹھایا گیا یا اس بات سے معاشرے کو کونسافائدہ ہوا‘ میری شادی کی خبر سےبشریٰ بی بی کی فیملی کو نقصان پہنچایا گیا‘ بشریٰ بی بی سے ہمیشہ فیملی کے ساتھ پردے میں ہی ملا ہوں‘میں مولانا رومی اور ابن عربی کو سمجھنے کیلئے بارباران کے پاس جاتارہا ‘رشتے کی بات آگے بڑھتی تو میں سب کو بتاتا‘شادی کی پیشکش کا بچوں کو بھی پتہ نہیں تھا‘ بشریٰ بی بی سے میری دو سال پہلے ملاقات ہوئی‘ طلاق کے بعد شادی کی پیشکش کی تھی،تنقید کرنے والوں کو معرفت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ہے، مجھے ساری زندگی کوئی کنٹرول نہیں کر سکا،جمہوری آدمی ہوں اور اپنے فیصلے خود کرتا ہوں،شریف فیملی سے متعلق اتنا علم ہے بتائوں تو عوام کو منہ نہ دکھا سکیں ‘نواز شریف سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ‘چند حکمران خاندان پاکستان کو کنگال کر رہے ہیں‘شہباز شریف متاثرہ خاندان سے تعزیت کےلئے چھپ کر صبح ساڑھے 4بجے گئے۔جمعرات کو ایک انٹرو یو میں عمران خان کا کہناتھاکہ پنجاب حکومت صرف اشتہاروں میں چل رہی ہے ، شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر مستعفی ہونا چاہیے تھا‘پنجاب کا کوئی ادارہ ٹھیک کام نہیں کر رہا‘میں 21سال سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف کرپٹ ہیں، میں نے 20سال پہلے بھی لندن کے مے فیئر فلیٹس کے باہر احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں پورا شرف خاندان ملوث ہے، نواز شریف نے 300ارب روپے کی پاکستان سے چوری کی ہے اور یہ چوری بچانے کےلئے ملک کو داؤ پر بھی لگانے کو تیار ہیں‘ نواز شریف کا اصل چہرہ اب سب کے سامنے آیا ہے‘چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے میری دو سال پہلے ملاقات ہوئی، وہ ہمیشہ پردہ کرتی تھیں‘میرے بارے میں کہا گیا کہ میں تمام فیصلے روحانی پیر سے پوچھ کر کرتا ہوں، مجھ پر تنقید کرنے والوں کو معرفت کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ہے۔

تازہ ترین