• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکس بریتھنگ: صرف 60 سیکنڈز میں ذہن کو پُرسکون کرنے کا طریقہ

علامتی فوتو
علامتی فوتو

موجودہ دور میں کام کا دباؤ، مستقل بےچینی اور زیادہ سوچنے کی عادت ذہن کو سکون کا موقع نہیں دیتی۔ ایسے میں ایک سادہ سانس لینے کی مشق نمایاں فرق ڈال سکتی ہے۔

انہی میں سے ایک تکنیک باکس بریتھنگ ہے، جو تیزی سے ذہن کو پُرسکون کرنے کے لیے مقبول ہو رہی ہے۔

باکس بریتھنگ کیا ہے؟

باکس بریتھنگ ایک آسان طریقہ ہے جو تیز رفتار خیالات کو سست کرتا اور جسم کو ریلیکس کرتا ہے۔ یہ تکنیک کھلاڑیوں، مقررین، پروفیشنلز اور حتیٰ کہ فوجی اہلکار بھی استعمال کرتے ہیں تاکہ دباؤ کے لمحات میں پرسکون اور مرکوز رہ سکیں۔

اس کا بنیادی مقصد سانس پر توجہ مرکوز کرنا ہے، جو قدرتی طور پر اعصاب کو سکون دیتا ہے۔

سب سے بڑی خوبی

اس مشق کے لیے کسی خاص سامان، خاموش کمرے یا مراقبے کے تجربے کی ضرورت نہیں۔ صرف ایک منٹ کی توجہ کے ساتھ سانس لینے سے آپ زیادہ حاضر دماغ اور جذباتی طور پر متوازن محسوس کر سکتے ہیں۔

باکس بریتھنگ کرنے کا طریقہ

پہلا مرحلہ: سانس اندر لینا

آرام دہ حالت میں بیٹھیں اور ناک کے ذریعے پانچ سیکنڈز تک سانس اندر لیں۔ کندھوں کو اوپر اٹھانے کے بجائے ریلیکس رکھیں۔

دوسرا مرحلہ: سانس روکنا

پانچ سیکنڈز تک سانس روکیں اور اس دوران جسم کو سخت نہ کریں بلکہ پرسکون رہیں۔

تیسرا مرحلہ: سانس باہر نکالنا

منہ کے ذریعے پانچ سیکنڈز تک سانس باہر نکالیں۔ ذہنی دباؤ کو ہر سانس کے ساتھ باہر نکلتا ہوا تصور کریں۔

چوتھا مرحلہ: دوبارہ روکنا

سانس باہر نکالنے کے بعد پانچ سیکنڈز تک سانس روکیں اور جسم کو سکون میں آنے دیں۔

یہ سائیکل پانچ سے دس منٹ تک دہرایا جا سکتا ہے۔ چند راؤنڈز کے بعد ہی دل کی دھڑکن سست اور خیالات پُرسکون محسوس ہوتے ہیں۔

فوائد

باکس بریتھنگ دباؤ، بے چینی، گھبراہٹ، جذباتی بوجھ یا توجہ مرکوز کرنے میں مشکل کے وقت خاص طور پر مددگار ہے۔

مستقل مشق جذباتی کنٹرول، ارتکاز اور نیند کے معیار کو بہتر بناتی ہے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید