• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ ٹیچنگ ہسپتال کا ہر جانے کے کیسوں میں8. 5ملین پونڈ نقصان

بریڈفورڈ(محمدرجاسب مغل)بریڈفورڈٹیچنگ ہاسپٹل ٹرسٹ نے گزشتہ پانچ سالوں میں قانونی چارہ جوئی کی مد میں ملک میں کسی بھی اور ٹرسٹ سے زیادہ ادائیگی کی ہے، رپورٹ کے مطابق 1995 سے پہلے کی جانے والی طبی غفلتوں کی بنا پر تنظیم کو 2012سے2017 کے دوران 8.5ملین پونڈ کا نقصان پہنچا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹرسٹ ابھی تک 20سال پہلے کی گئی غلطیوں کیلئے لاکھوں پونڈ ادا کر رہا ہے۔یہ ٹرسٹ جو بی آر آئی اور سینٹ لیوک ہسپتال کا انتظام چلاتا ہے۔نے 2012-2017 کے دوران مجموعی طور پر 42.5 ملین پونڈ کے کلیمز کی ادائیگی کی ہےجن میں سے اکثریت بچوں کی پیدائش کے دوران برتی جانے والی غفلتیں ہیں۔طویل قا نونی جنگیں اور دعوے جن کی بنیاد کئی عشرے پرانے واقعات ہوتے ہیں ان کی وجہ سے ٹرسٹ کو بھاری ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔بعض اوقات کسی بچے کی زندگی بھر کی دیکھ بھال کے لئے دی جانے والی ہرجانے کی رقم اس کے بڑے ہونے پر ہی اس کو مل پاتی ہے۔ایک خاتون جو سینٹ لیوک ہسپتال میں1994 میں پیدا ہوئی،پیدائش کے دوران عملے کی غفلت کی وجہ سے اس کے دماغ کو ناقابلِِ ِتلافی نقصان پہنچا۔ہسپتال کو اسے 5.5 ملین پونڈ کا ہرجانہ دینا پڑا لیکن اس نے یہ قانونی جنگ 18سال بعد 2012 میں جیتی،مریضہ جس نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی درخواست کی ہے،مکمل طور پر نرسوں اور دیکھ بھال کرنے والے عملے پر انحصار کرتی ہے،اسے سالانہ مجموعی طور پر 3.3 ملین پونڈ ملیں گے تا کہ زندگی بھر کیلئے اس کی ضروریات پوری ہوتی رہیں۔2012میں ایک لڑکی کے دماغ کو اس وقت نقصان پہنچا جب بی آر آئی میں اس کی پیدائش کے وقت اسے آکسیجن نہیں دی گئی۔ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق اسے 8ملین پونڈ کی ادائیگی کی جائے گی تاکہ اسے زندگی بھر کیلئے کئیر مہیا کی جا سکے۔ائر ڈیل این ایچ ایس ٹرسٹ نے بھی پچھلے پانچ سالوں میں طبی غفلتوں کے ہرجانے کے طور پر 13.5ملین پونڈ کی ادائیگی کی ہے۔یہ سب واقعات ہسپتال کے زچہ وبچہ کے شعبے میں ہوئے۔ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق چونکہ 1995سے پہلے کے ریکارڈ موجود نہیں اس لئے اعدادوشمار کی تصدیق نہیں کی جا سکتی انہوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں لوگوں کا علاج کیا جاتا ہے اور انہیں انتہائی اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیںتاہم اگر مریضوں کے علاج میں کوئی غفلت ہوتی ہے تو یقینًا ان کے نقصان کی تلافی ہونی چاہئے،پچھلے پانچ سالوں میں این ایچ ایس تمام طبی غفلتوں کےلیئے مجموعی طور پر 6.2بلین پونڈ کی ادائیگی کی ہے، جس میں سے زیادہ تر قانونی فیس کی مد میں نکل جاتی ہے۔محکمہ صحت کے ایک ترجمان نے کہا کہ حکومت قانونی فرموںکی فیس کو 25000پونڈ تک محدود کر نے پر غور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عوام کا پیسہ مناسب طریقے سے استعمال ہو اور قانونی فرمیں ناجائز حصہ وصول نہ کریں اور مریضوں کو انتہائی مناسب قیمت پر انصاف مہیا ہو۔
تازہ ترین