• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے چوہدری نثار کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیدی

Todays Print

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ، مانیٹرنگ سیل) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی،انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار تحریک انصاف میں ۰آجائیں تو اچھا ہے لیکن آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے پر بھی ان کی حمایت کریں گے، سیاست میں بعض اوقات دل بڑا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اتحاد کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو سے اتحاد کا مطلب آصف زرداری سے اتحاد ہے جو ناممکن ہے، ہم نے 6 سینیٹرزکے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے، مولانا سمیع الحق ہمارے اتحادی ہیں، اضافی ووٹ ان کودے سکتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے سینیٹ ٹکٹ کے لئے 40 کروڑ روپے کی پیشکش کی، اقتدار میں آکر سینیٹ کا الیکشن براہ راست کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے صدر نواز شریف اور آصف زرداری اربوں ڈالر واپس لے آئیں تو ان کی توبہ قبول ہے، نگراں حکومت آتے ہی ن لیگ کے متعدد لوگ ساتھ چھوڑ دیں گے، لگ یہی رہا ہے کہ عام انتخابات وقت پرہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ چیئرمین سینیٹ کی نشست کے لئے پیسے لگا رہی ہیں،عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو موجودہ حکومت نے خود باہر بھیجا۔ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اس سوال ’’ آج کل سینیٹروں کی خریدو فروخت کا بازار گرم ہے تو کیا کے پی کے سینیٹرز تو نہیں بکیں گے ‘‘کے جواب میںکہا کہ کافی زیادہ یہاں پر خریدو فروخت کا عمل شروع ہوچکا ہے اور مجھے بھی ایک شخص نے 40کروڑ روپے آفر کیے اگر میں ان کو سینیٹ کی سیٹ دے دوں تو وہ 40کروڑ روپے ہمیں دے دیں گے، انہوں نے کہا کہ ان ڈائریکٹ الیکشن ہونے کی وجہ سے خریدو فروخت زیادہ ہورہی ہے ۔اس سلسلے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ خود جائیں گے اور وہاں جاکر بیٹھیں گے اور تمام ممبران سے کہیں گے کہ وہ اپنے ضمیر کا سودا نہ کریں۔

تازہ ترین