• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ون ڈے رینکنگ،راشد خان اور جسپریت بمراہ ٹاپ پوزیشن پر قابض

دبئی (جنگ نیوز) افغانستان کے اسپنر راشد خان دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے، وہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے ساتھ مشترکہ پہلی پوزیشن پر فائز ہوگئے ہیں۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی کیلئے بھی نئی درجہ بندی میں اچھی خبر ہے، انہوں نے 900 پوائنٹس کا جادوئی ہندسہ پار کر لیا ہے۔راشد محض 19 سال 153 دن کی عمر کے ساتھ درجہ بندی تاریخ میں نمبر ایک پر پہنچنے والے سب سے نوجوان بولر بنے ہیں۔ کوہلی ون ڈے اور ٹیسٹ میں بیک وقت 900 سے زائد پوائنٹس لینے والے دوسرے بیٹسمین بن گئے۔ ان سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس تھا ۔ کوہلی نے پروٹیز کے خلاف 6 میچز کی سیریز میں 3 سنچریز کی مدد سے 558 رنز اسکور کیے تھے۔ فہرست میں ڈی ویلیئرز دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے اور پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں، انگلینڈ کے جو روٹ بھی ایک قدم آگے آتے ہوئے پانچویں پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔ بولنگ میں راشد خان آٹھ درجے اور جسپریت بمرا دو درجے آگے آتے ہوئے 787 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہیں، ٹرینٹ بولٹ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ تیسرے، جوش ہیزل ووڈ چوتھے اور حسن علی بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے ، محمد حفیظ دوسرے اور محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ 
تازہ ترین