• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رادھرم میں جنسی استحصال کے متاثرہ بچوں کی تعداد 1400 سے زائد نظر آتی ہے

لندن (پی اے) رادھرم میں بچوں کے جنسی استحصال کے متاثرین کی تعداد14سو سے زائد نظر آتی ہے۔ اس واقعہ پر قومی غم و غصے کا اظہار ہوا تھا۔ یہ بات نیشنل کرائم ایجنسی نے بتائی۔ ایجنسی2014ء میں جے رپورٹ کے ان انکشافات کے بعد سائوتھ یارکشائر کے ٹائون میں بڑے پیمانے پر تحقیقات کررہی ہے کہ14سو بچوں کو گروم کیا گیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ الیکسز جے کی رپورٹ نے اس وقت قومی روح کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا جب یہ انکشاف ہوا تھا کہ پولیس اور دوسری ایجنسیوں نے پاکستانی وراثت سے تعلق رکھنے والے مردوں کے گینگز کی جانب سے بڑے پیمانے پر استحصال کو ایک عشرے سے زائد عرصے تک نظر انداز کیا۔ منگل کو ایجنسی کے آپریشن سٹوووڈ کے تحقیقاتی افسر پال ولیم سن نے کہا کہ ان کی ٹیم کے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ1997ء اور2013ء کے درمیان ممکنہ متاثرین اور سی ایس ای کے سروائیورز کی تعداد1510ہے۔ یہ وہی ٹائم سکیل ہے جو، جے رپورٹ میں کور کیے گئے ہیں۔ ان میں سے کم از کم13سو بچیاں ہیں۔ پال ولیم سن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم اب260سے زائد متاثرین کے ساتھ سرگرمی سے کام کررہی ہے اور110مشتبہ افراد کی نشاندہی کی ہے۔ 144افسران34منفرد تحقیقاتوں پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی ٹیم2سو سے ڈھائی سو افراد کے درمیان اضافے کی امید ہے، جس کا بجٹ اس وقت6اعشاریہ9ملین پونڈ سالانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس کام کے لیے ایجنسی کے طور پر اپنے عزم کو کمزور نہیں ہونے دیں گے۔ مجرموں کی نشاندہی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا کام کیا جائے گا۔ تحقیقات کی رفتار بڑھ رہی ہے۔ تاہم پیش رفت ضروری طور پر سست ہے، کیونکہ بہت سارے متاثرین انتہائی کمزور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رفتار میں اضافہ کیا جائے گا۔ میرے پاس144افسران ہیں جنہوں نے مجھے اس سے زائد کام کرنے کے قابل بنایا ہے جب میں نے جنوری2016ء میں ایس آئی او کے طور پر کام شروع کیا تھا مجھے انتہائی لگن والی ٹیٓم ملی ہے جو نہایت ہی اہم مشن انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے کام کو مشروم جیسی نوعیت کا قرار دیا اور بتایا کہ ایک عورت نے حال ہی میں افسران سے نامزد30مشتبہ افراد، 17دیگر ممکنہ متاثرین اور27ممکنہ جرائم کے مناظر کے بارے میں بات کی ہے۔ این سی اے نے تین سال قبل سائوتھ یارکشائر پولیس کی جانب سے کال کے بعد آپریشن سٹوووڈ شروع کیا تھا اور اب یہ برطانیہ میں سی ایس ای کی سب سے بڑی تحقیقات ہے اس کے لیے85فیصد فنڈ ہوم آفس نے دیا ہے اور15فیصد سائوتھ یارکشائر پولیس کا ہے اور اب تک10ملین پونڈ خرچ ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین