• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمنسٹی اسکیم موجودہ حکومت کا اہم ترین فیصلہ ہے،زاہدحسین

کراچی (اے پی پی)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم موجودہ حکومت کا اہم ترین فیصلہ ہے جس سے ملک و قوم کی قسمت بدل سکتی ہے‘ شراکت داروں کی آراءکی روشنی میں اس سکیم کی خامیاں دور کر کے ڈیڈ لائن میں توسیع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ میاں زاہد حسین نے پیر کو بز نس کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کوئی ایمنسٹی اسکیم اس لئے کامیاب نہ ہو سکی کہ ان میں مراعات اور ترغیبات کی کمی تھی اس لئے اکثریت نے اس سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ سے باہر رہنے کو ہی ترجیح دی۔ اس کے علاوہ اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی صرف بیانات تک محدود رہی جس سے صورتحال پر منفی اثر پڑا مگر اب وزیر اعظم عمران خان نے اسکیم کی مدت کے خاتمہ کے بعد سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے جس پر عمل ضروری ہے تاکہ مثال قائم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا بجٹ میں غریبوں کے بجائے امیروں پر بوجھ بڑھانے، جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے، آڑھتیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور سگریٹ اور کولڈ ڈرنکس پر ہیلتھ ٹیکس کے نفاذکے فیصلے درست ہیں جن کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ محاصل بڑھانے چاہئیں تاکہ حکومت کی آمدنی بہتر ہو۔
تازہ ترین