• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام

پشاور (نیوز ڈیسک) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم گاڑی کے ذریعے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تھانہ چمکنی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی رورل علی بن طارق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود تخریب کاری کی غرض سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اطلاع پر خصوصی ناکہ بندیاں کر کے چیکنگ کا عمل سخت کرنے کی ہدایت کی گئی‘ ڈی ایس پی چمکنی حیدر علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی واجد خان اور ایس آئی امتیاز خان موٹر وے پر ناکہ بندی کیلئے موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک گاڑی نمبر 2987-AB کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی سے 2 عدد کلاشنکوف‘ 4عدد پستول‘ تین عدد رائفل‘ 24عدد میگزین اور سیکڑوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کر کے ملزم زرباز خان ولد لال محمد سکنہ اضاخیل متنی کو گرفتار کرلیا‘ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ جس کے خلاف اسلحہ اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تازہ ترین