• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پوری دنیا ورلڈ کپ فٹبال کے سحر میں جکڑ گئی

فیفا ورلڈ کپ فٹبال ٹور نامنٹ رنگا رنگ تقریب میں شروع ہوگیا، تادم تحریر 14میچوں میں کھلاڑیوںکی کار کردگی اور ٹیموں کی پر فارمنس آپ کے سامنے آ چکی ہوگی، فٹبال ورلڈ کپ نے پوری دنیا کو ا پنے سحر میں جکڑ رکھا ہے، ایکشن ، مہارت، خوشی اور دکھ کے آثار ٹی وی اسکرین پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے، ہر شخص ان مقابلوں کے لئے بے تاب ہے، دنیا کی معروف ٹیمیں اور نامور کھلاڑیوں نے شائقین فٹبال کو محو کر رکھا ہے ، ہر شخص 15جولائی تک ان مقابلوں کے لئے بے تاب نظر آئے گا، فٹبال ورلڈ کپ کی شہرت شاید ہی کسی کھیل کو حاصل ہوتی ہوگی، اولمپک گیمز کے بعد دنیا بھر میں فٹبال ورلڈکپ کے مقابلے اپنی ایک الگ ہی شہرت رکھتے ہیں، پاکستان کی ٹیم ان مقابلوں میں شامل نہیں ہے مگر پاکستان میں بھی جس قدر ان مقابلوں میں لوگ اپنی دل چسپی کا اظہار کرتے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے فٹبال ورلڈکپ کے میچزدیکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں ، شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی اسکرین پر یہ میچز دیکھے جارہے ہیں، کراچی میں لیاری کو فٹبال کا گڑھ کہا جاتا ہے اس علاقے میں جس قدر جوش دکھائی دے رہا ہے وہ ناقابل فراموش ہے، پاکستان میں فٹبال کے مداحوں کی پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں رسائی کی خواہش کب پوری ہوگی اس بارے میں صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے، ورلڈکپ میں دو تین ٹیمیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں ہمیشہ ہی فیورٹ قرار دیا جا تا ہے ان میں ان ایک ارجنٹائن کی بھی ہے لیکن ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی حقیقت پسندی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ وہ بہت زیادہ امیدیں نہیں رکھیں ،حقائق پر مبنی گفتگو کرتے ہو ئے ایک انٹرویو میں انہوں نےکہا کہ نہ تو ہم بہترین ہیں اور نہ ہم فیورٹ ہیں۔ میسی کہتے ہیں کہ میں حقیقت سے ہٹ کر بات نہیں کرنا چاہتا۔ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم سے میں شائقین کی توقعات بڑھانا نہیں چاہتا۔ دوسری ٹیمیں ہم سے بہتر ہیں، ہم روس میں فیورٹ ٹیموں میں شامل نہیں ہوں گے۔ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، وہ اچھا کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔ مجھے ان پر اعتماد بھی ہے۔ کھلاڑی تجربہ کار بھی ہیں اور ان میں ٹیلنٹ بھی ہے لیکن میں اس کے باوجود یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم بہترین نہیں ہیں اور نہ ہی ہمیں فیورٹ قرار دیا جائے کیونکہ یہی اس وقت سچ ہے۔ میسی نے کہا کہ برازیل، اسپین اور جرمنی کی ٹیمیں بہت بہتر ہیں۔ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی ٹیم گروپ ڈی میں آئس لینڈ، نائیجیریا اور کروشیا کے ساتھ شامل ہیں۔ میسی گروپ کو بڑا الجھا ہوا گروپ قرار دیتے ہیں۔ نائیجیریا نے ہمیں ہمیشہ ٹف ٹائم دیا ہے۔ اسے نظر انداز کرکے ہم مشکل میں نہیں پڑسکتے۔ آئس لینڈ کی ٹیم کسی کا بھی، کسی بھی وقت مقابلہ کرسکتی ہے جبکہ کروشیا کی ٹیم اسپین کی طرح کھیلتی ہے۔ اس کے پاس کوالٹی کھلاڑی ہیں جو مڈ فیلڈ میں بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ ہمیں اپنے گروپ میں ہر صورت میںنمبر ون آنا ہے لیکن ہمارے لئے یہ آسان نہیں ہے۔ میسی تیرہ برس کی عمر میں اسپین آگئے تھے۔ وہ اسپین کی جانب سے کھیلنے کے اہل ہیں۔ میسی کہتے ہیں کہ مجھے کسی نے کہا کہ تم اسپین میں رہتے ہو۔ اسپین کی ٹیم کی طرف سے کھیلو گے تو چیمپئن بن جائو گے لیکن میں نے تو ایسا کبھی سوچا ہی نہیں ہے۔ میری ٹیم ارجنٹائن ہے اور میرا کلب بارسیلونا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین