برمنگھم میں آج میلادالبنیٰ ؐ کا جلوس نکالا جائے گا

October 19, 2021

برمنگھم (ابرار مغل) نبی کریم آقا دو جہاںؐ کی ولادت باسعادت 12ربیع الاول کے بابرکت دن سرزمین برطانیہ کا سب سے قدیمی میلاد مصطفی جلوس آج صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی سرپرستی و قیادت میں مرکزی جامع مسجد امیر ملت شیکسپیئر اسٹریٹ برمنگھم سے نکالا جائے گا۔ 39ویں سالانہ جلوس برمنگھم کے مختلف علاقوں، شاہراہوں اور بازاروں سے ہوتا ہوا واپس جامع مسجد امیر ملت میں عالمی میلاد مصطفی کانفرنس میں تبدیل ہوجائے گا۔ علی پور سیداں کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی گزشتہ39سال سے12ربیع الاول کے دن نبی کریمؐ کی ولادت کا جشن منانے کے لیے جلوس کا اہتمام کرتے ہیں جس میں برمنگھم سمیت برطانیہ بھر سے عاشقان مصطفی کی بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔ جلوس و میلاد کانفرنس کے جملہ انتظامات اور میزبانی کے فرائض صاحبزادہ سید نعمان شاہ جماعتی، پیر سید رشید شاہ جماعتی ادا کریں گے۔ برطانیہ کے طول و عرض سے آئے ثناء خواں نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونین پیش کریں گے۔ جلوس کی قیادت برمنگھم سمیت مڈ لینڈ کے مختلف شہروں سے آئے نامور علما دین، مشائخ عظام کریں گے۔ دریں اثناء صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی نبی کریمؐ کی ولادت کا جشن انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش و ولولے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔مرکزی جلوس میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس جلوس کا پہلی مرتبہ38سال قبل اہتمام کیا گیا تھا اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔