حکومت اپوزیشن سے نہیں بھوکے عوام سے ڈرے، پلوشہ خان

October 19, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہورہی ہے، وزیراعظم نے کہا تھا ٹیکس لگا کر مہنگائی کی جائے تو حکومت چور ہوتی ہے ہم نے کوئی ٹیکس نہیں لگایا،اپوزیشن کے کسی مظاہرے کی پرواہ نہیں ہے ۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف اور پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان بھی شریک تھیں۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے تو آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، پلوشہ خان نے کہا کہ حکومت اپوزیشن سے نہیں بھوکے عوام سے ڈرے، وزیراعظم کا پیج بھی ایک تھا پھر بھی ان سے کام نہیں ہورہا، حکومت پٹرول پر ٹیکسوں اور لیوی کی مد میں 23روپے لے رہی ہے۔تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نےکہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہورہی ہے، ایک سال میں کروڈ آئل کی قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں پاکستان میں پچاس فیصد بڑھی ہیں، پی ٹی آئی حکومت میں ایماندار لوگ ہیں جنہوں نے باہر اثاثے نہیں بنائے، پوری دنیا میں توانائی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، وزیراعظم نے کہا تھا ٹیکس لگا کر مہنگائی کی جائے تو حکومت چور ہوتی ہے ہم نے کوئی ٹیکس نہیں لگایا۔صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ مانتا ہوں مہنگائی ہے جس کی وجہ سے لوگ بہت تکلیف میں ہیں، پچھلے ایک سال میں دنیا میں گیس کی قیمت 135فیصد بڑھی پاکستان میں نہیں بڑھی، دنیا میں چینی کی قیمت 55فیصد بڑھی پاکستان میں 15فیصد بڑھی، تیل کی قیمتیں دگنی ہوئی ہیں پاکستان میں صرف 30 فیصد بڑھی ہیں۔صداقت علی عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کے کسی مظاہرے کی پرواہ نہیں ہے ، ہم جانتے ہیں لوگ ان کے ساتھ نہیں نکلیں گے، عمران خان کے گھر کے دو افراد چار پانچ نوکر ہیں ان کا خرچہ چار پانچ لاکھ روپے ہوگا، شہباز شریف کے آخری کیس میں ان کے نوکروں پر 25ہزار ملین روپے کے فراڈ کا الزام ہے،نواز شریف کے لندن میں فلیٹ کی قیمت900کروڑ روپے ہے لیکن دکھانے کو صرف قطری خط ہے۔ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے تو آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، فواد چوہدری نے جو بات کی وہ پاکستان میں خونریزی کروانے کی بھونڈی سازش ہے، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ کارخانے دار خوب منافع کمارہے ہیں لیکن کارکنوں کی تنخواہ نہیں بڑھارہے، ایماندار ڈاکوؤں کا سردار جس جادو ٹونے سے اپنے اخراجات پورے کرتا ہے اسی جادو ٹونے سے عوام کو بھی ریلیف دیدے، ایماندار ڈاکوؤ ں کا سربراہ خود کچھ نہیں کرتا تمام کرپشن دوسروں سے کرواتا ہے۔جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ احتجاج پر آمادہ عوام کی قیادت کیلئے سیاسی لیڈرشپ باہر نہیں نکلی تو اس کا انجام بہت خوفناک ہوگا، وزراء نے جو اربوں روپے کھائے ہیں آئندہ پتا لگے گا اس میں ایماندار ڈاکوؤں کے سربراہ نے کتنا حصہ لیا۔پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان نے کہا کہ حکومتی نمائندوں کیلئے وزیراعظم کے پرانے کلپس کا جواب دینا مشکل ہوگیا ہے، عمران خان اپوزیشن میں تھے تو انہیں پٹرولیم کی عالمی منڈی کی قیمتوں سے پڑنے والے فرق کا علم نہیں تھا، حکومت پٹرول پر ٹیکسوں اور لیوی کی مد میں 23روپے لے رہی ہے، ہماری قیادت کرپٹ ہے یا نہیں ہمارے دور میں عوام پر اتنا ظلم نہیں ہوتا تھا جتنا آج ہورہا ہے، حکومتی نمائندوں کو عوام میں مقبولیت پر یقین ہے تو عوام میں نکل کر دیکھ لے۔ پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹ پر مبنی مہم چلائی، ہم نہیں کہیں گے کہ یہ ریاست مدینہ ہے ہم مذہب فروشی نہیں کریں گے، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کی عزت کا پاس ہونا چاہئے، وزیراعظم کا پیج بھی ایک تھا پھر بھی ان سے کام نہیں ہورہا، حکومت اتنی بڑی نکمی ہے کہ بقول اپوزیشن کمزور ہے پھر بھی ناکام ہے، حکومت اپوزیشن سے نہیں بھوکے عوام سے ڈرے۔