ٹرمپ کے سابق معاون پر کانگریس کی توہین کے الزامات کی منظوری

October 20, 2021

امریکی کانگریس کی سیلیکٹ کمیٹی نے اسٹیوبینن پر کانگریس کی توہین کے الزامات کی متفقہ منظوری دیدی، کمیٹی نے ٹرمپ کے سابق معاون کو ثبوت اور دستاویزات سمیت طلب کر رکھا تھا۔

سیلیکٹ کمیٹی کے چیئرمین بینی تھامپسن کا کہنا ہے کہ اسٹیوبینن کی جانب سے سمن کی تعمیل سے انکار تشویشناک ہے، یہ شرمناک ہے کہ بینن ہمیں اس پوزیشن پر لے آئے، ہم جواب دینے سے انکار کو قبول نہیں کریں گے۔

اسٹیوبینن پر چارجز کے لیے پورے ہاؤس میں ووٹنگ جمعرات کو ہوگی، ہاؤس سے منظوری کے بعد محکمہ انصاف الزامات پر کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بینن کے بیانات سے لگتا ہے وہ 6 جنوری کے حملے سے پہلے ہی آگاہ تھے، بینن نے 5 جنوری کو بیان میں کہا تھا کہ کل قیامت ٹوٹنے والی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق 670 افراد پر کانگریس پر حملے میں حصہ لینے کے الزامات عائد کیے جاچکے ہیں جبکہ کانگریس کی سیلیکٹ کمیٹی اب تک 19 سمن جاری کرچکی ہے۔

واضحرہے کہ 6 جنوری کو ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول تھا، حملے میں پولیس آفیسر سمیت 5 افراد ہلاک اور سیکڑوں پولیس آفیسر زخمی ہوئے تھے۔