جب اننیا پانڈے نے شاہ رخ خان کو اپنا ’والد‘ کہا تھا

October 21, 2021

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے اننیا پانڈے کے گھر چھاپے کے بعد اداکارہ کا وہ انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے شاہ رخ خان کو اپنا والد کہا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اننیا پانڈے کا شاہ رخ خان کے خاندان کے ساتھ قریبی تعلق ہے، ان کی بیٹی سُہانا خان انانیا کی قریبی دوستوں میں سے ایک ہے، اس کے علاوہ اننیا کو اکثر شاہ رخ خان کے بیٹوں آریان خان اور ابرام خان کے ساتھ وقت گزارتے بھی دیکھا گیا ہے۔

اب بھارتی میڈیا پر اننیا پانڈے کا ایک پُرانا انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ’شاہ رخ خان میرے والد کی طرح ہیں، وہ میرے والد کے بہترین دوست ہیں لہٰذا ہم آئی پی ایل کے تمام میچز ان کے ساتھ دیکھنے جاتے تھے۔‘

اس کے علاوہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ کی تشہیر کے دوران اننیا پانڈے نے بھی انکشاف کیا تھا کہ ’شاہ رخ خان اُن کی حوصلہ افزائی کرتے تھے اور اُن کے ساتھ فوٹو شوٹ کرواتے تھے۔‘

اننیا پانڈے نے کہا تھا کہ ’شاہ رخ خان ہماری ویڈیو بناتے تھے اور ہمیں محسوس کرواتے تھے کہ ہم بہترین اداکار ہیں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منشیات کے سلسلے میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر چھاپہ مارا ہے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے چھاپے کے دوران اداکارہ اننیا پانڈے کا موبائل فون ضبط کیا اور اُنہیں آج دوپہر 2 بجے پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں این سی بی کی جانب سے جو واٹس ایپ چیٹس عدالت میں پیش کی گئی تھیں اُن میں اداکارہ اننیا پانڈے کی چیٹس بھی شامل تھیں اور اسی وجہ سے اُن کے گھر چھاپہ مار کر اُنہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔