سینٹرل جیل لاڑکانہ کا قیدی چار سرکاری اسپتالوں میں بھٹکنے کے بعد کراچی میں دم توڑ گیا

October 23, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل جیل لاڑکانہ کا قیدی چار سرکاری اسپتالوں میں بھٹکنے کے بعد کراچی میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق 62 سالہ قیدی عبدالحمید کو سینٹرل جیل لاڑکانہ سے چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال لاڑکانہ بھیجا گیا، حکام کے مطابق چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال سے قیدی عبدالحمید بغیر طبی امداد کے قومی ادارہ برائے امراض قلب سکھر بھیجا گیا۔ قیدی عبدالحمید کو بغیر کسی علاج کے سکھر کے سول اسپتال منتقل کیا گیا، سکھر کے سول اسپتال سے بغیر کسی علاج کے قیدی عبدالحمید کو کراچی کے جناح اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا، کراچی کے جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں قیدی عبدالحمید 17 اکتوبر کی رات بغیر علاج جان کی بازی ہار گیا، قیدی عبدالحمید کی لاش کی گھنٹوں تک جناح اسپتال کی ایمرجنسی کے ڈریسنگ روم میں پڑی رہی، اس سلسلے میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جی پی ایم سی ڈاکٹر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں قیدی کی ہلاکت کی تحقیقات کر رہے ہیں اور محکمہ صحت کو اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کروانے کے لئے خط لکھ رہے ہیں۔